پاک فوج سے متعلق متنازع بیان،نہال ہاشمی کیخلاف اندارج مقدمہ کی درخواست دائر

پاک فوج سے متعلق متنازع بیان،نہال ہاشمی کیخلاف اندارج مقدمہ کی درخواست دائر
کیپشن: سکرین شاٹ

لاہور:پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما نہال ہاشمی ایک مرتبہ پھر متنازع بیان دے کر مشکل میں پھنس چکے ہیں اور پاک فوج سے متعلق متنازع بیان پر شہری نے ان کے خلاف اندراج مقدمہ کے لیے درخواست دائر کردی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں نہال ہاشمی کے خلاف اندراج مقدمہ کے لیے تجمل حسین گوندل ایڈوکیٹ نے تھانہ سول لائن میں درخواست دائر کی ہے، جس میں کہا گیا کہ نہال ہاشمی توہین عدالت کیس میں سزا یافتہ ہیں، انہوں نے پاک فوج کے خلاف بیان دے کر ادارے کی تذلیل کی ہے، ان کی گفتگو سے ہر پاکستانی کی دل آزاری ہوئی۔


درخواست میں مزید کہا گیا کہ نہال ہاشمی غیر ملکی ایجنڈے پرکام کررہے ہیں، ان کے بیان سے عالمی سطح پر ملک کی بدنامی ہوئی اس لیے ان کے خلاف مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی کی جائے۔


علاوہ ازیں پیمرا نے نہال ہاشمی کا بیان نشر کرنے والے چینلز کو شوکاز نوٹس بھی جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاستی اداروں کے خلاف قابل اعتراض زبان استعمال کرنے والے شخص کو جگہ کیوں دی گئی۔


خیال رہے کہ نہال ہاشمی نے گزشتہ روز ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فوج کے خلاف توہین ا?میز زبان استعمال کی تھی۔ جبکہ اس سے قبل وہ توہین عدالت کے جرم میں نااہلی اور قید کی سزائیں بھی بھگت چکے ہیں۔