عمران کا نیا پاکستان عوام کیلئے ڈرائونا خواب بن چکا ،بلاول

عمران کا نیا پاکستان عوام کیلئے ڈرائونا خواب بن چکا ،بلاول

اسلام آباد:پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان کا نیا پاکستان عوام کیلئے ڈراونا خواب بن چکا ہے،صاف نظر آ رہا ہے کہ سلیکٹڈ وزیراعظم کو بغیر تیاری کے لایا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گیس کی قیمتوں میں اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت کی معاشی پالیسی کی سمت کیا ہمیں تو پالیسی ہی نظر نہیں آرہی،حکومت صرف عوام کی جیبوں پر ڈاکے ڈال رہی ہے،مہنگائی نے غریب کا جینا اجیرن کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے پاس نہ جانے کا اعلان کرنے والے سب سے بڑا قرضہ لے رہے ہیں، بہترمعاشی پالیسی نہ دی گئی توعام آدمی کیلئے ایک وقت روٹی کاحصول ممکن نہیں رہیگا۔پی پی چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ 50 لاکھ گھردینے کا وعدہ کرنے والے غریبوں سے چھت تک چھین رہے ہیں،ہم نے اپنے دور میں بدترین مالی مشکلات کا سامنا کیا، ہم نے معاشی زبوں حالی کے باوجود عوام کو مہنگائی سے محفوظ رکھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری دورمیں عالمی مارکیٹ میں تیل 148 ڈالرفی بیرل تھا لیکن قیمتیں نہیں بڑھائیں،عوام کوریلیف دینے کا وعدہ کرنیوالے غریب سے جینے کاحق تک چھین رہے ہیں۔