سری لنکا کا نام ایف اے ٹی ایف نے گرے لسٹ سے خارج کردیا

سری لنکا کا نام ایف اے ٹی ایف نے گرے لسٹ سے خارج کردیا

کولمبو: فائنانشل ایکشن ٹاسک فورس(ایف اے ٹی ایف) نے سری لنکا کا نام گرے لسٹ سے خارج کردیا ہے ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سری لنکن حکومت کی جانب سے دہشت گردی سے متعلق مالی وسائل کی فراہمی کو روکنے کے اقدامات کے پیش نظر ایف اے ٹی ایف نے ان کا نام گرے لسٹ کی فہرست سے نکال دیا ہے۔

یاد رہے دو سال قبل اکتوبر 2017 میں ایف اے ٹی ایف کے اجلاس میں سری لنکا کو گرے لسٹ میں شامل کر کے اسے منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کو مالی معاونت سے متعلق اقدامات اٹھانے کا کہا گیا تھا۔

واضح رہے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس نے پیرسے میں ہونے والے اجلاس میں پاکستان کو بلیک لسٹ میں ڈالنے کی بجائے فی الحال گرے لسٹ میں ہی رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔

ایف اے ٹی ایف کے صدر نے مختصر پریس کانفرنس کے دوران پاکستان کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کی تعریف کی۔صدر نے کہا پاکستان میں نئی حکومت نے دہشت گردوں کی مالی معاونت اور منی لانڈرنگ روکنے کے لیے اچھے اقدامات کیے ہیں۔

پاکستان کی کارکردگی دوبارہ جانچنے کے لیے ایف اے ٹی ایف کا اگلا اجلاس فروری 2020 میں پیرس میں ہوگا۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق اگلے سال فروری تک پاکستان کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات پر کڑی نظر رکھی جائے گی جس کے بعد ایف اے ٹی ایف تعین کرے گا اِسے کس فہرست میں جگہ دی جائے۔