وزیراعظم پیر کو ایک روزہ دورے پر کراچی جائیں گے

وزیراعظم پیر کو ایک روزہ دورے پر کراچی جائیں گے
ٰImage Source: File Photo

کراچی:وزیراعظم عمران خان پیر کو ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچیں گے۔ شیڈول کی کاپی وزیراعلیٰ ہاؤس کو بھجوا دی گئی، جس میں ایک بار پھر سندھ حکومت کو نظر انداز کر دیا گیا۔


 

تفصیلات کے مطابق، وفاق اور سندھ حکومت کے درمیان دوریاں برقرار ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کے چوتھے دورہ کراچی میں سندھ حکومت کو ایک بار پھر نظر انداز کر دیا گیا۔

 

ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے بھی وزیراعظم کے دورہ کراچی پر وزیراعلیٰ سندھ کو مدعو نہ کیے جانے کی تصدیق کردی ہے۔ وزیراعلیٰ سمیت سندھ کے کسی حکومتی نمائندے سے ملاقات طے نہیں کی گئی۔وزیراعظم عمران خان سب سے پہلے گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ملاقات کرینگے۔

 

بعد ازاں عمران خان تحریک انصاف کے اراکین سندھ اسمبلی سے طویل ملاقات کریں گے جس میں مختلف امور زیر غور آئیں گے۔ اتحادی جماعتوں ایم کیو ایم اور جی ڈی اے کے وفود کو بھی پندرہ پندرہ منٹ ملاقات کا وقت دیا گیا ہے۔ دورے کے دوران وزیراعظم چائنا پاور جنریشن کا افتتاح بھی کریں گے۔