زمبابوے کی کرکٹ ٹیم پاکستان پہنچ گئی

زمبابوے کی کرکٹ ٹیم پاکستان پہنچ گئی
file photo

لاہور: پاکستان انٹرنیشنل کرکٹ کی میزبانی کیلئے ایک بار پھر تیار، زمبابوے کی کرکٹ ٹیم پاکستان پہنچ گئی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پر پی سی بی حکام نے زمبابوے کرکٹ ٹیم کا استقبال کیا، زمبابوے کی کرکٹ ٹیم پاکستان میں تین ون ڈے میچز کھیلے گی۔ زمبابوے ٹیم 27 اکتوبر تک قرنطینہ میں گزاریں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے زمبابوے کیخلاف ہوم سیریز کا اعلان کیا تو اس کیساتھ ہی انہوں نے ٹیم کے نائب کپتان کا بھی اعلان کیا۔ مصباح الحق نے شاداب خان کو قومی ٹیم کا نائب کپتان مقرر کر دیا۔ 22 رکنی اسکواڈ کی قیادت بابراعظم کریں گے جبکہ نائب کپتان شاداب خان قیادت میں ان کی مدد کریں گے۔

میانوالی سے تعلق رکھنے والے شاداب خان نے 2017 میں ویسٹ انڈیز کیخلاف پاکستان کی جانب سے اپنا پہلا میچ کھیلا تھا۔ شاداب خان نے 43 ون ڈے اور ٹی20 میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی جبکہ انہوں نے 6 ٹیسٹ میچز میں بھی گرین کیپس کی نمائندگی کی۔

شاداب خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ پاکستان کے لیے کھیلنا میرے لیے خواب تھا لیکن کرکٹ ٹیم کی نائب کپتانی کرنا میرے لیے ناقابل یقین ہے۔

خیال رہے کہ پی ایس ایل سیزن فائیو میں شاداب خان نے اسلام آباد یونائیٹد کی قیادت کے فرائض بھی سرانجام دیے ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے زمبابوے کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے 22 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ بابر اعظم کو ون ڈے اور ٹی 20 ٹیموں کا کپتان مقرر کر دیا گیا ہے، سابق کپتان شعیب ملک، محمد عامر اور سرفراز کو آرام دیا گیا ہے، دوسری طرف نیشنل ٹی ٹوئنٹی میں سنچری بنانے والے عبداللہ شفیق کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔