پاکستان میں کورونا وائرس کے حملے جاری، مزید 14 افراد جاں بحق

پاکستان میں کورونا وائرس کے حملے جاری، مزید 14 افراد جاں بحق

اسلام آبد: ملک بھر میں کورونا وائرس کے حملے جاری ہیں، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 14 افراد موذی وبا کے ہاتھوں جان کی بازی ہار گئے ہیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر سے جاری تازہ اعدادوشمار کے مطابق مزید 625 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

این سی او سی کی رپورٹ کے مطابق ایکٹو کیسز کی تعداد 9 ہزار 461 ہو گئی ہے جبکہ ملک بھر کے 735 ہسپتالوں میں کورونا کے 805 مریض زیرعلاج ہیں، ان میں سے کورونا کے 80 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں۔ ابھی تک ملک بھر میں 41 لاکھ 22 ہزار 069 کورونا ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں۔ حالیہ ہلاکتوں سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 6 ہزار 673 ہو گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق کورونا وائرس کے باعث پنجاب میں 2 ہزار 298 اور سندھ میں 2 ہزار 581 اموات ہو چکی ہیں۔ خیبر پختونخوا میں اموات کی تعداد ایک ہزار 265، اسلام آباد میں 195، بلوچستان میں 148، ‏گلگت بلتستان میں 90 اور آزاد کشمیر میں 82 ہو گئی ہے۔ اسلام آباد میں کورونا کیسزکی تعداد 18 ہزار 69 ہوگئی ہے۔ پنجاب ایک لاکھ ایک ہزار 760، سندھ میں ایک لاکھ 42 ہزار 134، خیبر پختونخوا میں 38 ہزار 708، بلوچستان میں 15 ہزار 704، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 84 اور آزاد کشمیر میں 3 ہزار 507 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

ادھر عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب دنیا میں 4 کروڑ 6 لاکھ 48 ہزار 527 افراد متاثر اور 11 لاکھ 22 ہزار 992 ہلاک ہو چکے ہیں۔ کورونا سے صحتیاب افراد کی تعداد 3 کروڑ 3 لاکھ 53 ہزار 352 ہو گئی ہے اور 91 لاکھ 72 ہزار 183 ایکٹیو کیسز ہیں۔

امریکہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے ممالک میں پہلے نمبر پر ہے۔ امریکہ میں اموات کی تعداد 2 لاکھ 24 ہزار 732 تک پہنچ گئی جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 83 لاکھ 88 ہزار 13 ہو گئی ہے۔بھارت کورونا کیسز کے اعتبار سے دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے جہاں کورونا سے اب تک ہونے والی اموات کی تعداد ایک لاکھ 14 ہزار سے زائد ہو گئی جبکہ 75 لاکھ 50 ہزار سے زائد افراد میں وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے۔

برازیل میں کورونا سے ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 53 ہزار سے زائد ہو گئی جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 52 لاکھ 35 ہزار سے زائد ہے۔روس میں 14 لاکھ 15 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں اور اموات کی مجموعی تعداد 24 ہزارتین سو سے تجاوز کر گئی ہے۔اسپین میں 9 لاکھ 82 ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں جبکہ 33 ہزار775 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ ارجنٹائن میں بھی 9 لاکھ 89 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں اور 26 ہزار 267 اموات ہوئی ہیں۔

کولمبیا کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے ممالک میں پانچویں نمبر پر ہے جہاں 28 ہزار 970 اموات ہوئی ہیں جبکہ 9 لاکھ 59 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ پیرو میں 8 لاکھ 68 ہزار 675 افراد متاثر اور 33 ہزار 759 ہلاک ہو چکے ہیں۔گزشتہ روز دنیا بھر میں ایک دن میں سب سے زیادہ کورونا کیسز کا نیا ریکارڈ بنا جب 24 گھنٹے کے دوران دنیا میں 4 لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے۔کورونا سے پہلی ہلاکت 11 جنوری2020 میں چین میں رپورٹ ہوئی۔ 9 اپریل کو کورونا سے مجموعی اموات کی تعداد ایک لاکھ ہوگئی تھی۔ کورونا سے پہلی ایک لاکھ اموات ابتدائی89 روز میں رپورٹ ہوئیں۔

رواں سال 24 اپریل کو کورونا سے اموات کی تعداد2 لاکھ تک پہنچ گئی تھی اورایک سے2 لاکھ اموات کیلئے صرف 15دن کا وقت لگا۔ 13مئی تک دنیا بھر میں 3 لاکھ اموات رجسٹرڈ ہوئیں اور 2سے3لاکھ اموات تک پہنچنے میں 19دن لگے۔