شیخ زید انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر پھنسے پاکستانیوں کی مشکلات کم نہ ہوئیں

شیخ زید انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر پھنسے پاکستانیوں کی مشکلات کم نہ ہوئیں
کیپشن: فوٹو: اسکرین گریب

دبئی: شیخ زید انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر پھنسے پاکستانیوں کی مشکلات کم نہ ہوئیں، محصور پاکستانیوں کی ائیرپورٹ پر ڈپٹی میئر اسلام آباد سید ذیشان نقوی سے اچانک ملاقات، متاثرہ افراد نے ڈپٹی میئر کو گھیر لیا اور مسائل سے آگاہ کیا۔

متاثرہ شہریوں نے بتایا کہ تمام دستاویزات اور مطلوبہ رقم موجود ہے لیکن دبئی حکام نے پاسپورٹ ضبط کر کے ایئرپورٹ سے باہر جانے سے روک دیا۔ کسی قسم کے اعتراض یا وجوہات سے بھی آگاہ نہیں کر رہے۔

شہریوں نے ڈپٹی میئر اسلام آباد کو مزید بتایا کہ کئی روز سے محصور ہیں ، مناسب کھانا بھی نہیں مل رہا۔ جس پر سید ذیشان نقوی نے محصور پاکستانیوں کی مشکلات کے حل کے لئے فوری حکام سے رابطہ کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ دبئی ائیرپورٹ پر پھنسے دو ہزار سے زائد پاکستانی تا حال واپسی کے انتظار میں ہیں ۔

واضح رہے کہ شہریوں کے پاس ہوٹل قیام اور واپسی کا ٹکٹ بھی موجود ہے لیکن حکام کچھ ماننے کو تیار نہیں، پاکستانی شہریوں کو واپس جانے دیا جارہا ہے نہ ہی دبئی ایرپورٹ سے باہر نکلنے کی اجازت ہے۔ پاکستانی شہریوں کی وزیر اعظم عمران خان اور بیرون ملک پاکستانیوں کے مشیر زلفی بخاری سے مدد کی اپیل۔

ادھر دبئی میں پاکستانی قونصل خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ دبئی ائیر پورٹ پر پھنسے پاکستانی نئی سفری شرائط پر پورے نہیں اتر رہے لہٰذا انہیں ڈی پورٹ کیا جائے گا۔

مسافروں کا شکوہ ہے کہ 300 پاکستانی شہری سفارتی مدد کے ہی منتظر رہے لیکن مدد کے بجائے انہیں وطن واپسی بھیجا جانے لگا۔

مسافروں کا شکوہ ہے کہ ملک میں نوکری نہیں، دبئی نوکری کیلئے پیسہ جمع کرکے آئے تھے۔

خیال رہے کہ حالیہ دنوں میں تقریباً 300 سے زائد پاکستانی شہری مختلف پروازوں کے ذریعے وزٹ ویزے پر دبئی پہنچے تاہم نئی ٹریول پالیسی پر پورا نہ اترنے کی وجہ سے حکام نے انہیں ائیرپورٹ پر ہی روک لیا تھا۔