پاکستان مشکل وقت میں آذربائیجان کی قیادت اور عوام کے ساتھ ہے: وزیر خارجہ

پاکستان مشکل وقت میں آذربائیجان کی قیادت اور عوام کے ساتھ ہے: وزیر خارجہ

اسلام آباد: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے آذری ہم منصب کو یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستان مشکل وقت میں آذربائیجان کی قیادت اور عوام کے ساتھ ہے۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا آذربائیجان کے ہم منصب جے ہون بائرموف کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں دو طرفہ تعلقات، آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان پائی جانے والی کشیدگی سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان کو" نگورنو کاراباخ" میں امن وامان کی مخدوش صورتحال پر گہری تشویش ہے۔ آرمینیا کی طرف سے آذربائیجان کی دیہی آبادی پر بھاری گولہ باری قابلِ مذمت ہے۔

مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں آذربائیجان کی قیادت اور عوام کے ساتھ ہے۔ ‏ہم نگورنو کاراباخ کے حوالے سے آذربائیجان کے موقف کی حمایت کرتے ہیں۔ آذربائیجان اور آرمینیا کے مابین انسانی بنیادوں پر جنگ بندی ایک مثبت پیش رفت ہے۔ آذربائیجان اور آرمینیا کے مابین انسانی بنیادوں پر اعلان کردہ جنگ بندی امن واستحکام کے لئے ایک مثبت پیش رفت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فریقین کے درمیان پائیدار امن کا انحصار اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر مکمل عملدرآمد اور آذربائیجان کے علاقوں سے آرمینیائی افواج کے انخلا پر ہوگا۔ آذربائیجان کے وزیر خارجہ نے حالیہ تنازعہ میں پاکستان کی طرف سے بھرپور حمایت پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ آذربائیجان کی طرف سے او آئی سی رابطہ گروپ سمیت، عالمی فورمز پر نہتے کشمیریوں کی بھرپور حمایت قابلِ تحسین ہے۔ دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور آذربائیجان کے مابین دو طرفہ تعلقات کی نوعیت پر اظہار اطمینان کیا۔ جبکہ تجارت، تعلیم اور کلچر سمیت کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر بھی اتفاق کیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے آذربائیجان کے وزیر خارجہ کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جسے انہوں نے شکریہ کے ساتھ قبول کیا۔