لیگی رہنما رانا ثناءاللہ کیخلاف ارادہ قتل کا مقدمہ درج

لیگی رہنما رانا ثناءاللہ کیخلاف ارادہ قتل کا مقدمہ درج
کیپشن: فوٹو/ بشکریہ اے پی پی

گوجرانوالہ : حکومت مخالف تحریک کے تحت گوجرانوالہ میں 16 اکتوبر کو جلسہ کیا گیا جس میں موجودہ حکومت کے خلاف 11 اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم نے جلسہ کیا۔

اس جلسے کے روز لیگی رہنما جب سابق وفاقی وزیر خرم دستگیر کے گھر پر پریس کانفرنس کرنے کے بعد جلسہ گاہ کی جانب روانہ ہوئے تو راستے میں ناکے پر پولیس نے گاڑی کو روکنے کی کوشش کی۔ لیگی رہنماؤں نے گاڑی کو روکنے کی بجائے پولیس اہلکاروں پر گاڑی چڑھا دی جس سے بمشکل پیچھے ہٹ کر پولیس اہلکاروں نے اپنی جان بچائی۔

ذرائع کے مطابق گاڑی جس پولیس اہلکار پر چڑھائی گئی اس کا نام سب انسپکٹر اصغر حسین ہے، اصغر حسین کی مدعیت میں ارادہ قتل اور اقدام قتل کی دفعات کے تحت رانا ثنا اللہ، خرم دستگیر اور مقامی قیادت کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

فوٹیج میں بھی دیکھا گیا کہ سفید رنگ کی گاڑی لوگوں کے ہجوم میں عوام کے سامنے پولیس اہلکاروں کو دھکیلتی ہوئی آگے بڑھی ہے جس سے پولیس اہلکاروں نے بمشکل اپنی جان بچائی ہے۔ مدعی مقدمہ سب انسپکٹر اصغر حسین کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ گاڑی میں موجود لیگی رہنماؤں نے اراداتاً اسے جان سے مارنے کی کوشش کی ہے۔