چینی کی قیمتوں میں اضافے کے ذمہ دار چینی انکوائری کمیشن ہے، ندیم افضل چن

چینی کی قیمتوں میں اضافے کے ذمہ دار چینی انکوائری کمیشن ہے، ندیم افضل چن
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد:ندیم افضل چین نے چینی مہنگی ہونے کے ذمہ دار چینی انکوائری کمیشن کو ٹھہرا دیا۔ وزیراعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے پارلیمانی تعاون ندیم افضل چن شہزاد اکبر پر برس پڑے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت کابینہ اجلاس میں ارکان کےدرمیان گرما گرمی دیکھنے میں آئی۔  وزراءکی اکثریت نےاشیائے ضروریہ مہنگی ہونے پر تحفظات اور تشویش سے آگاہ کیاجب کہ وزیراعظم نے بھی چینی اور آٹےکی قیمتیں کنٹرول نہ ہونے پر اظہار برہمی کرتے ہوئےکہاکہ گندم وافر مقدار میں ہےتو آٹےکی قیمتیں کم کیوں نہیں ہو رہیں؟ اور چینی کا اسٹاک موجود ہونے کی رپورٹس کے باوجود قیمت کم کیوں نہیں؟

ذرائع کے مطابق اس دوران ندیم افضل چن نے چینی سستی کرنےکا فارمولا دینے کی پیشکش کرتے ہوئےکہاکہ گندم بھی سستی ہو سکتی ہے،متعلقہ حکام میرے ساتھ بیٹھ جائیں، دیکھتا ہوں کہ گندم اور چینی کیسے سستی نہیں ہوتی۔

ندیم افضل چن نے چینی مہنگی ہونے کا ذمہ دار چینی انکوائری کمیشن کو ٹھہراتے ہوئےکہاکہ شہزاد اکبر چینی مافیاکے خلاف انکوائری کے نام پردھوکہ دیتے رہے۔ انہوں نے مشیر احتساب و داخلہ شہزاد اکبر کو مخاطب کرتے ہوئےکہاکہ 'شہزاد اکبرصاحب اچھی انکوائری کی، چینی سستی ہونے کی بجائے مہنگی ہوگئی۔  اگر انکوائری کے بعد چینی سستی نہیں ہونی تھی توپھرلوگوں کوٹارگٹ کرنے کی کیا ضرورت تھی؟

وزیراعظم عمران خان نے بھی کہا کہ اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں ہر صورت کمی چاہیے۔ ذخیرہ اندوزوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے اور قیمتوں سمیت سپلائی اینڈ ڈیمانڈ پر نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔ مہنگائی کے خاتمے کے لیے تمام وزراء اور ادارے اپنی تجاویز دیں، ہماری پوری توجہ مہنگائی کنٹرول کرنے پر ہے جبکہ غفلت برتنے والوں کی نشاندہی کریں اور سخت کارروائی کریں گے۔