بل گیٹس اور مائیکروسافٹ کی سابق خاتون ملازم کے درمیان نامناسب میسجز کا انکشاف  

Disclosure of inappropriate messages between Bill Gates and a former female employee of Microsoft
کیپشن: فائل فوٹو

سان فرانسسکو: امریکا کی مشہور ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس کی اپنی سابق خاتون ملازم کیساتھ نامناسب میسجز کے تبادلوں کا انکشاف ہوا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق مائیکروسافٹ کی جانب سے بل گیٹس کو تنبیہ کی تھی کہ وہ ای میل کے ذریعے خواتین ملازمین کو نامناسب پیغامات ارسال نہ کریں۔ یہ خبر امریکا کا مشہور اخبار وال سٹریٹ جنرل سامنے لایا ہے۔ اس میں کمپنی ڈائریکٹرز کی جانب سے بل گیٹس کو 2019ء میں لکھے گئے خط بارے بتایا گیا ہے۔

مائیکروسافٹ کمپنی کے اعلیٰ حکام کے مطابق یہ ای میلز 10 سالوں تک بھیجی جاتہ رہیں، انھیں کے ذریعے بل گیٹس نے خاتون کیساتھ تعلقات استوار کئے۔

اس اہم خط میں مائیکروسافٹ کی ایک سابق خاتون ملازم کے الزام کو دہراتے ہوئے لکھا گیا تھا کہ اس کے بل گیٹس کیساتھ تعلقات تھے۔

وال سٹریٹ جنرل نے دعویٰ کیا ہے کہ بل گیٹس نے نامناسب میسجز کی تردید نہ کرتے ہوئے کمپنی ڈائریکٹرز کو مکمل یقین دہانی کرا دی کہ وہ آئندہ ایسی حرکت سے باز رہیں گے۔

ادھر مائیکروسافٹ کے ترجمان فرینک شو کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کمپنی کو بل گیٹس کی جانب سے بھیجی گئی ای میلز کا انکشاف ہوا تھا جو انہوں نے اس خاتون کو 2007ء میں ارسال کی تھیں۔

فرینک شو کا کہنا تھا کہ بل گیٹس کی ای میلز سے پتا چلتا ہے کہ وہ سابق خاتون ملازم کو باہر ملنے کیلئے راضی کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ لیکن اس سے کسی جنسی پہلو کا اندازہ نہیں ہوتا اور نہ ہی اس بات کے ثبوت ہیں کہ دونوں کے درمیان کوئی تعلق رہا تاہم یہ ای میلز اور میسجز نامناسب تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ سب سے اہم بات یہ تھی کہ مائیکروسافٹ کی اس سابق خاتون ملازم نے بل گیٹس کے بارے میں کبھی شکایت نہیں کی۔

دوسری جانب بل گیٹس کی ترجمان نے ان تمام خبروں من گھڑت قرار دیتے ہوئے انھیں پروپیگنڈا قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ افواہیں مختلف ذرائع سے پھیلائی جا رہی ہیں، ان کے پیچھے بڑے مفادات ہو سکتے ہیں۔