ٹی 20 ورلڈکپ، آسٹریلیا کا بھارت کو جیت کیلئے 153 رنز کا ہدف

ٹی 20 ورلڈکپ، آسٹریلیا کا بھارت کو جیت کیلئے 153 رنز کا ہدف
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ کے وارم اپ میچ میں آسٹریلیا نے سٹیو سمتھ اور مارکوس سٹوئنس کی عمدہ بلے بازی کی بدولت بھارت کو جیت کیلئے 153 رنز کا ہدف دیدیا ہے۔ 
آئی سی سی اکیڈمی گراﺅنڈ دبئی میں کھیلے جا رہے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز بنائے۔ سٹیو سمتھ 48 گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے 57 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ گلین میکس ویل نے 28 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 37 اور مارکوس سٹوئنس نے 45 گیندوں پر 1 چھکے اور 4 چوکوں کی مدد سے 41 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ 
بھارت کی جانب سے روی چندرن ایشوین سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے 2 اوورز میں 8 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ بھوونیشور کمار اور رویندرا جدیجہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 
واضح رہے کہ بھارت کی قیادت ویرات کوہلی کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں کے ایل راہول، روہت شرما، ایشان کشن، رشبھ پنت، سوریا کمار یادیو، ہردیک پانڈیا، رویندرا جدیجہ، شردل ٹھاکر، راہول چھاہر، روی چندرن ایشوین، بھوونیشور کمار اور ورون چکراورتھی شامل ہیں۔ 
آسٹریلیا کی قیادت ایرون فنچ کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ڈیوڈ وارنر، مچل مارش، سٹیو سمتھ، مارکوس سٹوئنس، گلین میکس ویل، میتھیو ویڈ، پیٹ کومنز، ایشٹن اگر، مچل سٹارک، کین رچرڈسن اور ایڈم زامپا شامل ہیں۔