ٹی 20 ورلڈکپ، انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 164 رنز کا ہدف دیدیا

ٹی 20 ورلڈکپ، انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 164 رنز کا ہدف دیدیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

ابوظہبی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ کے وارم اپ میچ میں انگلینڈ نے جوز بٹلر کی دھواں دار بلے بازی کی بدولت نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 164 رنز کا ہدف دیدیا ہے۔ 
ٹالرینس اوول ابوظہبی میں کھیلے جا رہے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 163 رنز بنائے۔ جوز بٹلر 51 گیندوں پر 11 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 73 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ ڈیوڈ ملان 11، این مورگن 10، جونی بیرسٹو 27 اور سیم بلنگز 27 رنز بنا سکے۔ 
نیوزی لینڈ کی جانب سے ایش سودھی سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 26 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ٹم ساؤتھی، لوکی فرگوسن اور گلین فلپس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 
واضح رہے کہ انگلینڈ کی قیادت این مورگن کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں جیسن روئے، جوز بٹلر، ڈیوڈ ملان، جونی بیرسٹو، لائم لیونگ سٹون، سیم بلنگز، کرس ووکس، کرس جورڈن، ٹیمل ملز، عادل راشد اور مارک ووڈ شامل ہیں۔ 
نیوزی لینڈ کی قیادت کین ولیم سن کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں مارٹن گپٹل، ڈیرل مچل، ڈیوون کونوے، ٹم سیفرٹ، گلین فلپس، جیمز نیشام، مچل سینٹنر، ٹم ساؤتھی، کائل جیمی سن، ایش سودھی، ٹوڈ آسٹل، ٹرینٹ بولٹ، مارک چیپ مین اور لوکی فرگوسن شامل ہیں۔