راولپنڈی میں پی ڈی ایم کا مہنگائی پر حکومت کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

 راولپنڈی میں پی ڈی ایم کا مہنگائی پر حکومت کیخلاف احتجاجی مظاہرہ
کیپشن: راولپنڈی میں پی ڈی ایم کا مہنگائی پر حکومت کیخلاف احتجاجی مظاہرہ
سورس: فوٹو/اسکرین گریب

راولپنڈی: اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے ملک میں مہنگائی پر حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔

پی ڈی ایم کے اعلان کے مطابق اپوزیشن اتحاد میں شامل جماعتوں کے کارکنوں نے ملک میں مہنگائی پر حکومت کے خلاف راولپنڈی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں جے یو آئی (ف) اور مسلم لیگ (ن) کے مقامی رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرے کے دوران حکومت کے خلاف آٹا چور ، بجلی چور اور گیس چور حکومت کے نعرے لگائے گئے۔ مسلم لیگ (ن) کی خواتین کارکنان نے مری روڈ پر دھرنا دے دیا۔

اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ ملک کی معیشت کا جنازہ نکال دیا گیا ہے اور ملک کی سلامتی کو تماشا بنا دیا گیا جبکہ حکومت نے عوام کے پاس چینی، دوائی، آٹا اور بچوں کی فیسیں دینے کے پیسے نہیں چھوڑے، یہ ملک ان چوروں کا متحمل نہیں ہو سکتا اور ان نالائقوں کو اب گھر جانا ہو گا جبکہ انہیں ووٹ دینے والے بھی اب پریشان اور انھیں بددعائیں دے رہے ہیں۔

خیال رہے کہ ملک میں کمر توڑ مہنگائی پر عوامی رد عمل کے بعد اپوزیشن کی سیاسی جماعتوں نے بھی حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک کا اعلان کر رکھا ہے جس کے تحت 20 اکتوبر سے پی ڈی ایم ملک بھر میں احتجاجی کرے گی جب کہ پیپلز پارٹی نے بھی احتجاج کی کال دے دی ہے۔