ٹی 20 ورلڈکپ، نمیبیا نے نیدرلینڈز کو 6 وکٹوں سے ہرا کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا

ٹی 20 ورلڈکپ، نمیبیا نے نیدرلینڈز کو 6 وکٹوں سے ہرا کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

ابوظہبی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ کے ساتویں میچ میں نمیبیا نے ڈیوڈ ویزے کی جارحانہ اننگز کی بدولت نیدرلینڈز کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا ہے۔ 
شیخ زید کرکٹ سٹیڈیم ابوظہبی میں کھیلے گئے میچ میں نمیبیا نے ٹاس جیت کر نیدرلینڈز کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنائے۔ میکس اوڈاؤڈ 56 گیندوں پر ایک چھکے اور 6 چوکوں کیساتھ 70 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ کولن ایکرمین 35 اور سکاٹ ایڈورڈ 21 رنز بنا سکے۔ 
نمیبیا کی جانب سے جین فرائی لنک سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 36 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ڈیوڈ ویزے نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ 
نمیبیا کی ٹیم نے مقررہ ہدف 19 اوورز میں صرف 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے نیدرلینڈز کو ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا ہے۔ ڈیوڈ ویزے نے 40 گیندوں پر 5 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 66 رنز کی ناقابل شکست جارحانہ اننگز کھیلی۔ دیگر بلے بازوں میں سٹیفن بارڈ 19، زینے گرین 15، کریگ ولیمز 11، گرہارڈ ایراسموس 32 اور جے جے سمٹ 14 نے رنز بنائے۔ 
نیدرلینڈز کی جانب سے کوئی بھی باؤلر خاطرخواہ کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہ ہو سکا اور فریڈ کلاسن، کولن ایکرمین، ٹم وینڈر گوگٹن اور پیٹر سیلار ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہو سکے۔ 
واضح رہے کہ میچ کیلئے نیدرلینڈز کی قیادت پیٹر سیلار کر رہے تھے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں میکس اوڈاؤڈ، سٹیفن مائی برغ، باس ڈی لیڈے، بین کوپر، کولن ایکرمین، ریان ٹین ڈوشاٹے، سکاٹ ایڈورڈ، روئلوف وینڈرمروی، لوگان وین بیک، فریڈ کلاسن اور برینڈن ٹم وینڈر گوگٹن شامل تھے۔ 
نمیبین سکواڈ کی قیادت گرہارڈ ایراسموس کر رہے تھے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں سٹیفن بارڈ، زین گرین، کریگ ولیمز، ڈیوڈ ویزے، جے جے سمٹ، مائیکل وین لنگن، جین فرائی لنک، جین نکول لوفٹی ایٹن، روبین ٹرمپل مین اور برنارڈ شولٹزشامل تھے۔