ٹی 20 ورلڈکپ، وارم اپ میچ میں انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو 13 رنز سے ہرا دیا

ٹی 20 ورلڈکپ، وارم اپ میچ میں انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو 13 رنز سے ہرا دیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

ابوظہبی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ کے وارم اپ میچ میں انگلینڈ نے جوز بٹلر کی دھواں دار بلے بازی اور مارک ووڈ کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کو 13 رنز سے شکست دیدی ہے۔ 
ٹالرینس اوول ابوظہبی میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 163 رنز بنائے۔ جوز بٹلر 51 گیندوں پر 11 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 73 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ ڈیوڈ ملان 11، این مورگن 10، جونی بیرسٹو 27 اور سیم بلنگز 27 رنز بنا سکے۔ 
نیوزی لینڈ کی جانب سے ایش سودھی سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 26 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ٹم ساؤتھی، لوکی فرگوسن اور گلین فلپس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 
ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 150 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ مارٹن گپٹل نے 20 گیندوں پر 3 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 41 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جبکہ ڈیوون کونوے 20، ٹم ساؤتھی 10، ایش سودھی 25، ٹوڈ ایسٹل 16، گلین فلپس 7، مارک چیپ مین 1 اور ڈیرل مچل 2 رنز بنا سکے۔ 
انگلینڈ ی جانب سے مارک ووڈ نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 23 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور عادل راشد نے 3 اوورز میں 18 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ کرس ووکس اور لائم لیونگ سٹون ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کر سکے۔ 
واضح رہے کہ انگلینڈ کی قیادت این مورگن نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں جیسن روئے، جوز بٹلر، ڈیوڈ ملان، جونی بیرسٹو، لائم لیونگ سٹون، سیم بلنگز، کرس ووکس، کرس جورڈن، ٹیمل ملز، عادل راشد اور مارک ووڈ شامل تھے۔ 
نیوزی لینڈ کی قیادت کین ولیم سن نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں مارٹن گپٹل، ڈیرل مچل، ڈیوون کونوے، ٹم سیفرٹ، گلین فلپس، جیمز نیشام، مچل سینٹنر، ٹم ساؤتھی، کائل جیمی سن، ایش سودھی، ٹوڈ آسٹل، ٹرینٹ بولٹ، مارک چیپ مین اور لوکی فرگوسن شامل تھے۔