ٹی 20 ورلڈکپ، سری لنکا نے نیدرلینڈز کو ہرا کر سپر 12 مرحلے کیلئے کوالیفائی کر لیا

ٹی 20 ورلڈکپ، سری لنکا نے نیدرلینڈز کو ہرا کر سپر 12 مرحلے کیلئے کوالیفائی کر لیا

جیلونگ: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ میں کوالیفائی راؤنڈ کے 9 ویں میچ میں سری لنکا نے نیدرلینڈز کو 16 رنز سے شکست دے کر سپر 12 مرحلے میں کوالیفائی کر لیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق سائمنڈز سٹیڈیم جیلونگ میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 162 رنز بنائے۔ 
وکٹ کیپر بیٹر کوشل مینڈس 44 گیندوں پر 5 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 79 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ دیگر بلے بازوں میں پاتھوم نیسانکا14، چیرتھ اسالانکا 31، بھانوکا راجا پاکسا 19، داسون شناکا 8، وانیندو ہسارانگا 5 اور چمیکا کرونارتنے 2 رنز بنا سکے۔ 
نیدرلینڈز کی جانب سے پال وین میکرن سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 25 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں اور باس ڈی لیڈ نے 31 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کر سکے جبکہ فریڈ کلاسن اور ٹم وینڈر گوگٹن نے ایک، ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔ 
ہدف کے تعاقب میں نیدرلینڈز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز ہی بنا سکی اور یوں 16 رنز سے میچ ہار گئی۔ اوپنر میکس اوڈاؤڈ 53 گیندوں پر 3 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 71 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ باس ڈی لیڈ 14، ٹام کوپر 16 اور سکاٹ ایڈورڈ 21 رنز بنا سکے۔ 
سری لنکا کی جانب سے وانیندو ہسارانگا نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 28 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور مہیش تھیکشانا نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ لاہیرو کمارا اور بینورا فرنینڈو نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ 
واضح رہے کہ سری لنکا کی قیادت داسون شناکا نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں پاتھوم نیسانکا، کونشل مینڈس، دھنانجیا دی سلوا، بھانوکا راجا پاکسا، چیرتھ اسالانکا، وانیندو ہسارانگا، چامیکا کرونارتنے، بینورا فرنینڈو، مہیش تھیکشانا اور لاہیرو کمارا شامل تھے۔ 
نیدرلینڈز کی قیادت سکاٹ ایڈورڈز نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں میکس اوڈاؤڈ، وکرم جیت سنگھ، باس دی لیڈ، ٹام کوپر، کولن ایکرمین، ٹم پرنگل، رولوف وینڈر مروی، ٹم وینڈر گوگٹن، فریڈ کلاسن اور پال وین میکرن شامل تھے۔ 

مصنف کے بارے میں