لانگ مارچ کا اعلان چند روز میں، چوروں کی غلامی سے بہتر میں مر جانا چاہتا ہوں: عمران خان 

لانگ مارچ کا اعلان چند روز میں، چوروں کی غلامی سے بہتر میں مر جانا چاہتا ہوں: عمران خان 

سرگودھا: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ چوروں کی غلامی سے بہتر میں مر جانا چاہتا ہوں، جیلیں مجبور لوگوں سے بھری پڑی ہیں جبکہ بڑے بڑے ڈاکو آزاد ہیں، چند روز میں لانگ مارچ کا اعلان کرنے والا ہوں۔ 
تفصیلات کے مطابق جامعہ سرگودھا میں پنجاب آئی ٹی بورڈ کے ”تعلیم اور ہنر ساتھ ساتھ پروگرام“ کے تحت منعقدہ تقریب میں شریک طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ گورنر پنجاب کوکس نے اجازت دی کہ سیاسی لیڈر کو طلبہ سے خطاب سے روکیں۔ 
انہوں نے گورنر پنجاب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کو نہ سنیں، مجھے 50سال سے لوگ جانتے ہیں، طلبہ ملک کا مستقبل ہیں، اگر لیڈر یونیورسٹی نہ آئیں تو طلبہ کی سیاسی تربیت کیسے ہو گی؟ میں آکسفورڈ یونیورسٹی میں 3 بار خطاب کر چکا ہوں اور اب پھر دعوت ملی ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ یہاں تو مولانافضل الرحمان بھی آسکتے ہیں، شہبازشریف یہاں آئیں گے تو پیسے مانگنا شروع کریں گے جبکہ بلاول بھٹو کہتے کچھ اور مطلب کچھ اور ہوتاہے، کچھ سیاستدان عوام کا نام لے کر اقتدار میں آتے ہیں پھر لوٹنا شروع کر دیتے ہیں۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ جب انسان حق کیلئے کھڑا ہوتا ہے تو وہ اللہ کے پیغمبروں کا کام کرتا ہے جبکہ حق اور سچ کیلئے کھڑے نہ ہوں تو معاشرہ تباہ ہوجاتا ہے، کفر کا نظام چل جائے گا، ظلم و ناانصافی کا نظام نہیں چل سکتا۔ 
چیئرمین پی ٹی آئی نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جب یہ میرا نام سنتے ہیں تو ان کی کانپیں ٹانگ جاتی ہیں، چھوٹا چور جیل میں اور بڑے کو این آر او دیدیتے ہیں، جیلیں مجبور لوگوں سے بھری پڑی ہیں جبکہ بڑے بڑے ڈاکو آزاد دندناتے پھر رہے ہیں۔ 
عمران خان کا کہنا تھا کہ سوئٹزرلینڈ میں خوشحالی کی وجہ وہاں قانون کی حکمرانی ہے، ہمارا وزیراعظم جب پیسے مانگتا ہے تو سارے ملک کی عزت ختم ہوجاتی ہے، ہمار ے وزیر اعظم پر 16 ارب روپے کی چوری میں سزا ہونے والی تھی، آدھی کابینہ پرچوری کے مقدمات ہیں۔ 
انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار نے 2000 میں تحریری بیان حلفی دیا کہ میں منی لانڈرنگ کرتا تھا لیکن اب انہیں وزیر خزانہ بنا دیا گیا ہے، یعنی بلی کو دودھ کی رکھوالی پر بٹھا دیا، یہ الیکشن میں اپنے امپائر کھڑے کرکے بھی ہار جاتے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ آصف زرداری کو تو بھارت میں مسٹر ٹین پرسنٹ کہتے ہیں، ان کی کرپشن پر کتابیں لکھی ہوئی ہیں، سندھ کے گورنر اور مولاجٹ میں کوئی فرق نہیں، عابد شیر علی کے والد نے کہا کہ راناثنااللہ نے 18 قتل کئے ہیں، ملک پر چوروں کو بٹھانا سیاست نہیں، ان کے خلاف اب ہمارا جہاد ہے، قومیں پہلے اخلاقی اور پھر معاشی طور پر مرتی ہیں۔
پی ٹی آئی کی حکومت مخالف تحریک سے متعلق بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہمارے مستقبل کا فیصلہ ہونے جارہا ہے، یہ سیاست نہیں ملک کی حقیقی آزادی کیلئے جہاد ہے، چند روز میں لانگ مارچ کا اعلان کرنے والا ہوں، برا وقت تب آتا ہے جب آپ ہار مان جاتے ہیں، لیکن آپ نے نے ہار نہیں ماننی۔ 

مصنف کے بارے میں