الیکشن کمیشن آف پاکستان کا توشہ خانہ ریفرنس کا فیصلہ کل سنانے کا اعلان

الیکشن کمیشن آف پاکستان کا توشہ خانہ ریفرنس کا فیصلہ کل سنانے کا اعلان

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے توشہ خانہ ریفرنس کا فیصلہ کل سنانے کا اعلان کیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کل دوپہر دو بجے توشہ خانہ کیس کا فیصلہ سنائے گا ،  الیکشن کمیشن کی جانب سے  تمام فریقین کو نوٹسز جاری کر دیئے گئےہیں۔

 عمران خان نے توشہ خانہ ریفرنس کے سلسلے میں 7 ستمبر کو الیکشن کمیشن میں اپنا تحریری جواب جمع کرایا تھا، جواب کے مطابق یکم اگست 2018 سے 31 دسمبر 2021 کے دوران وزیر اعظم اور ان کی اہلیہ کو 58 تحائف  ملے تھے ۔ عمران خان کی جانب سے جمع کروائے گئے جواب میں کہا گیا تھا کہ   تحائف میں صرف 14 چیزوں کی  مالیت 30 ہزار روپے سے زائد تھی جسے انہوں نے باقاعدہ طریقہ کار کے تحت رقم کی ادا  کر کے خریدا تھا ،عمران خان نے اعتراف کیا تھا کہ انہوں نے بطور وزیر اعظم اپنے دور میں 4 تحائف فروخت کیے تھے۔

سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ انہوں نے 2 کروڑ 16 لاکھ روپے کی ادائیگی کے بعد سرکاری خزانے سے تحائف کی فروخت سے تقریباً 5 کروڑ 80 لاکھ روپے حاصل کیے،  ان تحائف میں ایک گھڑی، کفلنگز،  قلم  انگوٹھی  اور  4 رولیکس گھڑیاں شامل تھیں۔

یاد رہے کہ قومی اسمبلی کے سپیکر راجا پرویز اشرف نے اگست کے اوائل میں توشہ خانہ کیس کی روشنی میں عمران خان کی نااہلی کے لیے الیکشن کمیشن کو ریفرنس  بھی بھیجا تھا۔

راجا پرویز اشرف  کی جانب سے بھیجے گئے ریفرنس میں کہا گیا تھا کہ عمران خان نے اپنے اثاثوں میں توشہ خانہ سے لیے گئے تحائف اور ان تحائف کی فروخت سے حاصل کی گئی رقم کی تفصیل نہیں بتائی۔