امریکا کو خطرہ ہو توشمالی کوریا کو مکمل تباہ کر دیں گے

امریکا کو خطرہ ہو توشمالی کوریا کو مکمل تباہ کر دیں گے

نیو یارک:امریکا نے اہم ایشیا ئی ملک کو مکمل طور پہ تباہ کرنے کا اعلان کر دیا، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اگر امریکا کو خطرہ ہوا تو شمالی کوریا کو مکمل طور پر تباہ کرنے کے سوا اس کے پاس کوئی راستہ نہیں ہوگا۔
نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شمالی کوریا کے جوہری تجربات پوری دنیا کے لیے خطرہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ شمالی کوریا کی حکومت کرپٹ ہے اور اخلاقی طور پر یہ ایک ناکام ریاست ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا کے لیڈر کو جارحانہ رویہ ترک کرنے تک تنہا کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ شمالی کوریا کے لیے واحد راستہ ہے کہ وہ اپنے ایٹمی پروگرام سے دستبردار ہو۔

امریکی صدر نے کہا کہ شمالی کوریا کا سربراہ اپنے اور اپنی ریاست کیلئے خودکش مشن پر ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ بعض ممالک بدترین صورت حال کی طرف جارہے ہیں، اقوام متحدہ ایسے ملکوں کے مسائل حل کرنے میں مدد کرسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں اور انتہا پسندوں نے طاقت کو یکجا کیا ہوا ہے، دہشت گرد دنیا کے کونے کونے میں پھیل گئے ہیں اور مضبوط ہورہے ہیں۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ بنیاد پرست اسلامی انتہا پرستی کو ختم کیا جائے گا، القاعدہ، طالبان، حزب اللہ اور دیگر دہشتگرد گروپوں کی مدد کرنے والے ملکوں کو بے نقاب کرنے کا وقت آگیا۔انہوں نے کہا کہ وہ امریکی عوام کا مفاد سب سے بالاتر رکھتے ہیں، منتخب ہونے کے بعد سے اب تک حکومت نے قابل قدر کام کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا نے 7 ہزار ملین ڈالر امریکی فوج اور دفاع پر خرچ کیے ہیں اور جلد امریکی فوج پہلے سے زیادہ مضبوط فوج بن جائےگی۔امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ہر ملک سے توقع کرتے ہیں کہ وہ اپنے لوگوں کے مفادات کا خیال رکھے، تمام ممالک دوسری اقوام کے حقوق کا بھی خیال رکھیں۔