شاہ سلمان کا روہنگیا مہاجرین کے لیے 1.5 کروڑ ڈالر کا اعلان

شاہ سلمان کا روہنگیا مہاجرین کے لیے 1.5 کروڑ ڈالر کا اعلان

ریاض :سعودی شاہی دفتر کے مشیر اور کنگ سلمان سینٹر فار ہیومنیٹیرین ایڈ اینڈ ریسکیو کے نگرانِ عام ڈاکٹر عبدالعزیز الربیعہ نے کہا ہے کہ سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مرکز کو 1.5 کروڑ امریکی ڈالر مختص کرنے کی ہدایت کی ہے اور یہ رقم میانمار میں نسل کشی اور تشدد کے سبب فرار ہونے والے روہنگیا مسلمان مہاجرین پر خرچ کی جائے گی۔


سعودی پریس ایجنسی کو دیئے گئے بیان میں ڈاکٹر عبدالعزیز الربیعہ نے بتایا کہ حالیہ اقدام خادم حرمین شریفین کی جانب سے میانمار کے آفت زدہ مہاجرین کی امداد کے سلسلے کی کڑی ہے جس کا مقصد مسلمان بھائیوں کے دکھوں میں کمی لانا اور ان کو ہر قسم کی انسانی امداد فراہم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہدایات جاری ہونے کے بعد آئندہ چند گھنٹوں میں کنگ سلمان سینٹر کی ٹیم بنگلہ دیش روانہ ہو جائے گی تا کہ روہنگیا مسلمانوں کے حالات سے آگاہ ہوسکے۔

اس کے بعد ان کے لیے فوری نوعیت کی ہنگامی امداد روانہ کی جائے گی۔ رمضان المبارک میں میانمار میں راخائن کے علاقے میں غذائی مواد پر مشتمل 1940400 باسکٹیں تقسیم کی گئیں جن سے 116424 افراد مستفید ہوئے۔انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل آرگنائزیشن آف امیگریشن کے تعاون سے راخائن سے نقل مکانی کرنے والے افراد کو مختلف شہروں میں بسایا گیا۔ اس سلسلے میں 35 دیہات کے 17500 افراد کو معاونت پیش کی گئی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں