جمہوریت مضبوط ہونے کی بجائے کمزور ہو رہی ہے : سراج الحق

جمہوریت مضبوط ہونے کی بجائے کمزور ہو رہی ہے : سراج الحق

اسلام آباد :امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ پاکستانی حکومت عالمی سطح پر خود بھی تماشا بن گئی ہے اور ملک کے وقار کو بھی دھبہ لگارہی ہے ۔ وزیر خزانہ اور حکمران خاندان احتساب عدالتوں میں پیش نہیں ہورہے ۔ وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے باوجود وزیر خزانہ مستعفی ہونے کو تیار نہیں ۔


اسلام آباد میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاست کرپشن میں گم ہورہی ہے اور جمہوریت مضبوط ہونے کی بجائے کمزور ہورہی ہے ۔ حکمران سابق وزیراعظم کی نااہلی کو تمام تر کوششوں کے باوجود اہلیت میں نہیں بدل سکتے ۔ بہتر یہی ہے کہ حکومت عدلیہ اور اداروں کے بارے میں اپنا رویہ درست کرے اور ملک و قوم کی بدنامی کا باعث نہ بنے ۔


انہوں نے کہا کہ حکمران خاندان اور وزیر خزانہ احتساب عدالتوں میں پیش نہ ہوکر جگ ہنسائی کا سبب بن رہے ہیں ۔ اگر حکمرانوں کا آئین و قانون کے حوالے سے یہ رویہ ہے تو پھر عام آدمی قانون کا احترام کیسے کرے گا ۔ نیب نے اپنی ساکھ بر ی طرح متاثر کی ہے مچھروں کو پکڑنا اور مگر مچھوں کو چھوڑ دینا نیب کے لیے معمولی بات ہے اور یہی مگر مچھ قومی خزانے کو لوٹ کر عیش کر رہے ہیں جبکہ عام آدمی زندگی کی بنیادی سہولتوں سے محروم کسمپریسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہے ۔