ملک بھر میں 9 محرم الحرام کے جلوس، کئی شہروں میں موبائل فون سروس معطل

ملک بھر میں 9 محرم الحرام کے جلوس، کئی شہروں میں موبائل فون سروس معطل
کیپشن: پولیس نے جلوسوں کے راستوں پر سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے ہیں۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: کراچی، لاہور اور پشاور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں آج 9 محرم الحرام کے جلوس برآمد ہوں گے جب کہ کئی شہروں میں موبائل فون سروس معطل اور موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہے۔

 پولیس نے جلوسوں کے راستوں پر سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے ہیں اور جگہ، جگہ پولیس اور رینجرز کی  بھاری نفری بھی تعینات کی گئی ہے۔

9 اور 10 محرم الحرام کے موقع پر موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہے اور بڑے شہروں کے داخلی راستوں پر بھی گاڑیوں کی سخت چیکنگ کی جا رہی ہے۔

لاہور میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ پانڈو اسٹریٹ اسلام پورہ سے برآمد ہو گا جب کہ کراچی میں جلوس نشتر پارک اور اسلام آباد میں مرکزی جلوس سیکٹر جی 6 ٹو امام بارگاہ سے برآمد ہو گا جو مختلف راستوں سے ہوتا ہوا مقررہ مقام پر اختتام پذیر ہوگا۔

گوجرانوالہ میں آج مجموعی طور پر 103 جلوس نکالے جائیں گے جس میں مرکزی جلوس امام بارگاہ حویلی سادات سے برآمد ہوگا جب کہ ملتان میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ ممتاز آباد سے برآمد ہوگا۔