فلپائنی عسکریت پسندوں کی قیدسے 3 انڈونیشی ماہی گیر رہا

فلپائنی عسکریت پسندوں کی قیدسے 3 انڈونیشی ماہی گیر رہا
کیپشن: ماہی گیروں کو 20 ماہ سے عسکریت پسندوں نے یر غمال بنایا ہوا تھا۔۔۔۔۔۔فوٹو/ بشکریہ سوشل میڈیا

جکارتہ: فلپائن کے عسکریت پسندوں کی قید سے رہائی پانے والے انڈونیشیا کے تین ماہی گیر اپنے گھروں کو پہنچ گئے ہیں۔ ماہی گیروں کو 20 ماہ سے عسکریت پسندوں نے یر غمال بنایا ہوا تھا۔

انڈونیشیا کی وزارت خارجہ کے تر جمان نے ماہی گیروں کی رہائی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ جنوبی فلپائن میں عسکریت پسندوں کی قید سے رہائی پانے والے تین انڈونیشی اپنے اہل خانہ سے آ ملے ہیں۔

ایک غیر ملکی خبر رساں ویب سائٹ کے مطابق مغویوں کو انڈونیشیا کے نائب وزیر خارجہ اے ایم فاخر نےایک تقریب کے دوران انہیں ان کے خاندان کے نمائندوں کے حوالے کیا۔ اس تقریب میں میڈیا کے نمائندوں کو مدعو نہیں کیا گیا تھا۔

انڈونیشیا کی وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر لالو محمد اقبال نے میڈیا کو تقریب میں نہ بلانے کا دفاع کرتے ہوئے بتایا کہ تقریب نجی طور پر منعقد کی گئی تھی جس کی وجہ یہ تھی کہ کچھ ماہی گیر تاحال عسکریت پسندوں کی تحویل میں ہیں اور ان کی زندگی کے بارے میں بھی بے یقینی کی کیفیت ہے اسی لئے تقریب کو خوشی کی تقریب کا رنگ نہیں دیا کیوں کہ اس عمل سے وہ ماہی گیر جو تاحال لاپتہ ہیں ان کے اہل خانہ کو دکھ نہ پہنچے۔

جنوبی فلپائن کے عسکریت پسندوں کی قید سے رہائی پانے والوں میں حمدان بن سالینگ، سدارلنگ بن سمن سونگا اور سبھان بن ستن شامل ہیں۔