موٹروے زیادتی کیس، عابد کو پکڑنے کیلئے8 چھاپہ مار ٹیمیں مقرر

موٹروے زیادتی کیس، عابد کو پکڑنے کیلئے8 چھاپہ مار ٹیمیں مقرر

لاہور: موٹروے زیادتی کیس میں ملزم عابد کی گرفتاری کے لیے 8 چھاپہ مار ٹیمیں مقرر کر دی گئیں۔چیئرمین سپیشل انویسٹی گیشن ٹیم شہزادہ سلطان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ٹیموں میں سی آئی ے، سی ٹی ڈی اور سپیشل برانچ کی خفیہ ٹیمیں شامل ہیں جبکہ ملزم کی اطلاع پر تمام اضلاع میں ریپڈ ریسپانس ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مختلف اضلاع میں ملزم عابد کے تمام ٹھکانوں کے پیش نظر مربوط جال بچھا دیا گیا تاہم ابھی تک اس کیس کی تفتیش میں صرف دو ملزمان ملوث پائے گئے ہیں جس میں سے ایک ملزم شفقت گرفتار کیا جا چکا ہے۔شہزادہ سلطان نے کہا کہ کیس حساس نوعیت کا ہے اور متاثرہ خاتون کی شناخت کو صیغہ راز میں رکھنا ضروری ہے۔ جس طرح ملزم شفقت کو گرفتار کیا گیا اسی طرح مفرور عابد کو بھی گرفتار کر لیا جائے گا۔

واضح رہے کہ 9 ستمبر کی رات گجر پورہ کے قریب موٹر وے پر خاتون کو اس کے بچوں کے سامنے تشدد اور اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کا واقعہ پیش آیا تھا۔ایف آئی آر کے مطابق پیٹرول ختم ہونے کے باعث خاتون کی گاڑی بند ہوگئی تھی اور وہ اپنے شوہر کے آنے کا انتظار کر رہی تھی جب کہ اس نے موٹروے پولیس سے بھی مدد طلب کی تھی تاہم اسے کوئی مدد نہ مل سکی۔

واقعے میں عابد کے ساتھ واردات میں ملوث شفقت کو گرفتار کرلیا گیا ہے جس نے خاتون کے ساتھ زیادتی کا اعتراف کیا۔