نیوزی لینڈ میں اتنی فورس نہیں ، جتنی پاکستان نے سکیورٹی دی: شیخ رشید

Force, New Zealand, Pakistan, security, players, Sheikh Rashid

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ نیوزی لینڈ میں اتنی فورس نہیں ، جتنی پاکستان نے سکیورٹی دی ، نیوزی لینڈ ٹیم کو سکیورٹی دینا ہمارا فرض تھا ، پاکستان کی ایجنسیاں دنیا کی اسمارٹ ترین ایجنسیاں ہیں ۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ کیوی کرکٹ بورڈ کا فیصلہ حیران کن ہے ۔ اپوزیشن نیوزی لینڈ ٹیم کی واپسی کا معاملہ ہم پر نہ ڈالے ۔ مایوسی گناہ ہے ، ایک دن سب ٹیمیں پاکستان کھیلنے آئیں گی ۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن و استحکام ہمارا بیانیہ ہے ۔ افغانستان کی صورتحال کا پاکستان پر اثر ہوتا ہے ۔ افغانستان کے امن سے پاکستان کا امن جڑا ہے ۔ افغانستان سے ہم نے 16 ہزار افراد کا انخلا کیا ، طورخم بارڈر سے 4 ہزار افراد واپس گئے ہیں ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ایک ماہ سے بھارت میں منفی پرو پیگنڈا چل رہا ہے ۔ بھارت کے پاس دو ہی خبریں ہیں ، ایک شیخ رشید دوسرا طالبان ۔ میرے سرحدوں کے دورے پر بھارت کو کیا تکلیف ہے ؟ میں امن کیلئے سیاچن گیا جنگ کیلئے نہیں ، میں فوج کا ہوں ، فوج میری ہے ۔ پاکستان کے بارڈر محفوط اور پُرامن ہیں ۔

شیخ رشید نے کہا کہ ہر الیکشن کے بعد کہا جاتا ہے کہ دھاندلی ہوئی ، امریکا میں بھی ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ دھاندلی ہوئی ہے ۔ اپوزیشن الیکشن کی تیاری کے لیے نکل آئی ہے ۔ اپوزیشن کے 52 جلسوں کا مطلب 2 سال بعد الیکشن ہیں ۔ اپوزیشن آئے ای وی ایم پر بات کرے ۔

انہوں نے کہا کہ شہدائے کربلا کے چہلم پر موبائل فون سروس بند رہے گی ، شہدائے کربلا کے چہلم پر فوج اور رینجرز تعینات ہو گی ۔