چودھری شجاعت حسین نے شہباز شریف سے مبینہ رابطے کی خبروں کی سختی سے تردید کر دی

چودھری شجاعت حسین نے شہباز شریف سے مبینہ رابطے کی خبروں کی سختی سے تردید کر دی
File Photo

لاہور:چودھری شجاعت حسین نے شہباز شریف سےرابطے کی خبروں کی سختی سے تردید کر دی اور کہا کہ عمران خان نیک نیتی سے مشکل حالات کا سامنا کر رہے ہیں۔ 


 

تفصیلات کے مطابق ، ق لیگ کے صدر اور سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے لندن میں میڈیا سے گفتگو میں   شہباز شریف سے مبینہ رابطوں اور شریف برادران کی جانب سے ماضی کی تلخیاں بھلا کر مل کر آگے بڑھنے کی پیشکش کی اطلاعات کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ میری طرف سے کوئی پیشکش نہیں ہوئی۔ شہباز شریف سے کوئی  رابطہ نہیں  ہوا ہے اور نہ ہی کوئی امکان موجو د ہے۔  میڈیا کے سوالات کے جواب میں کہا کہ نواز شریف کے وزیراعظم بننے کے بعد اجلاس میں جب ان کی خوشامد کی جا رہی تھی تو میں نے کھڑے ہو کر ان کو کہا تھا کہ وہ منافقت سے پرہیز کریں، چاپلوسوں سے دور رہیں۔ 

 

چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ افہام وتفہیم کی باتیں کرنے سے پہلے شہباز شریف اور ان کے بھائی نواز شریف کو بھی چاہے کہ وہ نواز شریف کو دیے گئے میرے پہلے مشورہ ’’منافقت سے پرہیز‘‘ پر عمل کریں۔