نیب کا گندم اور چینی بحران کی تحقیقات کا فیصلہ

نیب کا گندم اور چینی بحران کی تحقیقات کا فیصلہ
کیپشن: گندم چینی میگا اسکینڈل کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات ہوں گی، اعلامیے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے ملک میں حالیہ گندم اور چینی بحران کو میگا پرائم اسکینڈل قرار دیتے ہوئے تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے۔

نیب کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیرصدارت ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں گندم اور چینی پرائم میگا اسکینڈل کی تحقیقات کا فیصلہ کیا گیا۔

اعلامیے میں کہا گیاہےکہ گندم چینی میگا اسکینڈل کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات ہوں گی،  اسکینڈل میں اربوں روپے کی ڈکیتی اور قیمتوں میں اضافے کی تحقیقات ہوں گی، گندم چینی اسکینڈل میں اسمگلنگ اور سبسڈی کی بھی تحقیقات ہوں گی۔

اعلامیے کے مطابق ایگزیکٹو بورڈ نے سابق اٹارنی جنرل ملک قیوم کے خلاف انکوائری عدم شواہد پربند کرنے کی منظوری دی جب کہ نجکاری کمیشن کےافسران و  اہلکاروں اور  انٹیریئرایمپلائز ہاؤسنگ سوسائٹی کی منیجنگ کمیٹی کے خلاف انکوائری بھی بند کرنے کی منظوری دی گئی۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہےکہ نیب ایگزیکٹو اجلاس میں 2 انکوائریوں کی منظوری دی گئی جن میں پاکستان پیٹرولیم کے خلاف میگا کرپشن اور سی ڈی اے و نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کیخلاف انکوائری کی منظوری دی گئی۔