سندھ حکومت کا این اے 249 میں ضمنی انتخاب ملتوی کرنے کیلئے چیف الیکشن کمشنر کو خط

سندھ حکومت کا این اے 249 میں ضمنی انتخاب ملتوی کرنے کیلئے چیف الیکشن کمشنر کو خط
کیپشن: سندھ حکومت کا این اے 249 میں ضمنی انتخاب ملتوی کرنے کیلئے چیف الیکشن کمشنر کو خط
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: حکومت سندھ نے کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث کراچی کے حلقہ این اے 249 میں 29 اپریل کو ہونے والا ضمنی انتخاب ملتوی کرنے کے لیے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ دیا۔

سندھ حکومت کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر کو لکھے خط میں کہا گیا ہے کہ ملک کورونا وائرس کی تیسری لہر سے گزر رہا ہے۔ ملک کے بڑے شہروں کو کورونا وائرس کی نئی اقسام کا سامنا ہے جبکہ حیدرآباد اور کراچی میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی شرح 3 سے بڑھ کر 7.8 فیصد ہو گئی ہے اور اس صورتحال میں اجتماعات، کارنر میٹنگز اور جلوس خطرناک ہوں گے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ موجودہ صورتحال میں ضمنی انتخاب کا التوا انسانی جانوں کے ضیاع کو بچا سکتا ہے۔ متعلقہ حلقے میں دیگر شہروں سے آمدورفت کا سلسلہ جاری رہتا ہے لہٰذا قوی امکان ہے کہ انتخابات ہوئے تو مریضوں اور اموات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

دوسری جانب سندھ حکومت کا لکھا گیا خط مشکوک ہوگیا ہے کیوں کہ  شہر کے دیگر اضلاع کے مقابلے میں ضلع غربی میں کورونا کیسز کی شرح کم ہے۔ 10 دنوں کے اعداد و شمار میں ضلع غربی میں کیسز دیگر اضلاع کی نسبت کم ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی امیدوار کی این اے 249 پر کامیابی کا امکان کم ہے جس کے بعد اچانک سندھ حکومت نے پولنگ ملتوی کرانے کی درخواست کر دی ہے۔