چینی صدر ماحولیاتی تبدیلی کانفرنس میں شرکت کریں گے

صدر شی جن پنگ ماحولیاتی تبدیلی کانفرنس میں شرکت کریں گے

بیجنگ: چینی حکام کا کہنا ہے کہ امریکی صدر کی دعوت پر صدر شی جن پنگ ماحولیاتی تبدیلی کانفرنس میں شرکت کریں گے ۔

ترجمان چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ شی جن پنگ ویڈیو کے ذریعے کانفرنس میں شرکت کرکے خطاب کریں گے ۔ امریکی صدر جوبائیڈن نے 22 اپریل کی ورچوئل کانفرنس میں متعدد عالمی رہنماوں کو شرکت کی دعوت دی ہے ۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز روسی صدر ولادیمیر پیوتن نے امریکا سے کشیدگی کے باوجود ماحولیات کے بحران پر ہونے والی کانفرنس میں شرکت کرنے پر اتفاق کیا تھا ۔

دونوں ممالک کی ایک دوسرے کے اداروں پر پابندیوں اور سفارتکاروں کو ملک بدر کرنے کے بعد تعلقات میں کشیدگی ہے اس کے باجود ولادیمیر پیوتن نے ماحولیات کے بحران پر ہونے والی ورچوئل کانفرنس سے خطاب کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے ۔ اس کانفرنس میں کئی دیگر عالمی رہنما بھی شرکت کریں گے ۔

خیال رہے کہ کانفرنس میں شرکت کے لئے امریکی صدر جوبائیڈن کے مشیر کی طرف سے وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے ماحولیات تبدیلی ملک امین اسلم کو دعوت دی گئی ہے ۔

ملک امین اسلم کانفرنس کے ایک سیشن میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے ، ملک امین اسلم ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور وزیراعظم کے بلین ٹری منصوبے سمیت کلین گرین منصوبوں پر آگاہ کریں گے ۔