بھارت میں کورونا بے قابو ہوگیا

بھارت میں کورونا بے قابو ہوگیا

نئی دہلی : بھارت میں   کورونا بے قابو ہوگیا ہے ،  آج  دو لاکھ 90  ہزار سے زائد مریض سامنے آگئے،  دو ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوگئے۔ 

تفصیلات کے مطابق بھارت میں کورونا مریضوں کی تعداد بڑھنے پر اسپتالوں میں جگہ ختم ہونے لگی ۔   کورونا وائرس کے کیسز اور ہلاکتوں میں تیزی سے اضافے کے بعد شمشان گھاٹ اورقبرستانوں میں مردوں کو  دفنانے کے لیے جگہ کم پڑنے لگی ہے۔بھارت میں اب تک   ایک کروڑ  56 لاکھ سے زائد افراد میں کورونا کی تشخیص ہو چکی ہے جبکہ اموات کی تعداد    ایک لاکھ 82 ہزار سے زائد پہنچ چکی ہے ۔بھارت میں عالمی وبا کی خطرناک صورتحال کے پیش نظر برطانیہ نے بھارت کو ریڈ لسٹ میں ڈال دیا ہے ۔

واضح رہے کہ عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ دنیا بھر میں وبا کے کیسز لگاتار آٹھ ہفتے سے خطرناک شرح سے بڑھ رہے ہیں ۔ڈی جی ڈبلیو ایچ او ٹیڈروس کہتے ہیں گزشتہ ہفتے 5.2 ملین سے زائد نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے ، انہوں نے کہا کہ نوجوان بھی وباء کی زد میں آرہے ہیں ، 25 سے 59 سال کے افراد میں انفیکشن کی شرح خطرناک صورتحال اختیار کر چکی ہے ۔

 دنیا بھر میں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد چودہ کروڑ پینتیس لاکھ تینتالیس ہزار سے تجاوز کر گئی ہے ۔ تیس لاکھ ستاون ہزار پانچ سو چھیالیس افراد وبا کے ہاتھوں موت کے منہ میں جاچکے ہیں جبکہ بارہ کروڑ اٹھارہ لاکھ چھیانوے ہزار سے زائد وبا کو شکست دیکر صحتیاب ہوچکے ہیں ۔