پاکستان نے زمبابوے کو 11 رنز سے شکست دیدی، سیریز میں 0-1 کی برتری

پاکستان نے زمبابوے کو 11 رنز سے شکست دیدی، سیریز میں 0-1 کی برتری
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

ہرارے: پاکستان نے پہلے ٹی 20 میچ میں باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت زمبابوے کو 11رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق ہرارے سپورٹس کلب میں کھیلے گئے میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 149 رنز بنائے۔ محمد رضوان نے عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے 61 گیندوں پر ایک چھکے اور 10 چوکوں کی مدد سے 82 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ بابراعظم 2، فخر زمان 13، محمد حفیظ 5، دانش عزیز 15، حیدر علی 5، فہیم اشرف 1، محمد نواز 9 اور عثمان قادر 2 رنز بنا سکے۔ 
زمبابوے کی جانب سے ویزلے مادھیویر سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے 2 اوورز میں 11 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ ددکھائی اور لیوک جونگوی نے بھی 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ رچرڈ انگراوا اور بلیسنگ موزارابانی ایک، ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔ 
ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر محض 138 رنز ہی بنا سکی۔ زمبابوے کی جانب سے تیناشے کامونہوکاموی نے 29 رنز بنائے جبکہ ویزلے مادھیویر 14، تادیواناشے مارومانی صفر، کریگ ایروین 34، ریان برل 14، سین ولیمز 9، ریگس شکابوا3، لیوک جونگوی 30 اور ویلنگٹن مساکازا 2 رنز بنا سکے۔ 
پاکستان کی جانب سے لیگ سپنر عثمان قادر سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 29 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور فاسٹ باؤلر محمد حسنین نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ حارث رؤف اور محمد حفیظ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ 
واضح رہے کہ میچ کیلئے قومی ٹیم کی قیادت بابراعظم نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں محمد رضوان، فخر زمان، محمد حفیظ، حیدر علی، دانش عزیز، فہیم اشرف، محمد نواز، عثمان قادر، محمد حسنین اور حارث رؤف شامل ہیں۔ 
زمبابوے کی قیادت سین ولیمز نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں تیناشے کامونہوکاموی، ویزلے مادھیویر، تادیواناشے مارومانی، کریگ ایروین، ریان برل، ریگس شکابوا، لیوک جونگوی، ویلنگٹن مساکازا، بلیسنگ موزارابانی اور رچرڈ انگراوا شامل ہیں۔