قومی ٹی 20 سکواڈ میں شامل 10 کھلاڑیوں کو وطن واپسی کی اجازت مل گئی

قومی ٹی 20 سکواڈ میں شامل 10 کھلاڑیوں کو وطن واپسی کی اجازت مل گئی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے زمبابوے میں موجود قومی کرکٹ ٹیم کے ٹی 20 سکواڈ کو سیریز کے بعد وطن واپسی کی اجازت دیدی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق کورونا وباءکے باعث پاکستان نے متعدد ممالک سے پاکستان کا سفر کرنے پر پابندی عائد کی ہے اور ان ممالک کو سی کیٹیگری میں شامل کیا ہے جن میں زمبابوے بھی شامل ہے تاہم پاکستان کرکٹ ٹیم اس وقت زمبابوے میں ٹی 20 سیریز کھیلنے میں مصروف ہے۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) سے ٹی 20 سکواڈ میں شامل 10 کھلاڑیوں کو وطن واپسی کی اجازت دینے سے متعلق درخواست دی تھی جسے منظور کر لیا گیا ہے اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ عرفان صابر نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔ 
ذرائع کے مطابق اجازت ملنے کے بعد قومی ٹی 20 سکواڈ میں شامل محمد حفیظ، عثمان قادر، آصف علی، محمد حسنین، دانش عزیز اور شرجیل خان نجی ایئر لائن کی پرواز کے ذریعے 27 اپریل کو لاہور پہنچیں گے جبکہ فخر زمان، محمد وسیم، ارشد اقبال اور حیدر علی 28 اپریل کو نجی پرواز سے لاہور پہنچیں گے۔
سول ایوی ایشن کے مطابق ان تمام کھلاڑیوں کیلئے وطن واپسی پر کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد لازمی ہو گا اور واپس آتے ہی کورونا وائرس کا ٹیسٹ کروانے کے علاوہ اپنے اپنے گھروں میں 7 سے 10 دن کیلئے قرنطینہ بھی اختیار کرنا ہو گا۔