کراچی کے تین علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ، نوٹیفکیشن جاری

کراچی کے تین علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ، نوٹیفکیشن جاری
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

کراچی: شہر قائد میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر تین مختلف علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن لاگو کرتے ہوئے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ 
محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ کراچی کے علاقوں گلبرگ، نارتھ کراچی اور نارتھ ناظم آباد میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے جو پانچ مئی تک جاری رہے گا۔ 
واضح رہے کہ اس سے قبل صوبہ سندھ کی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے صوبے میں کورونا کی برطانوی قسم کے کیس رپورٹ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ وائرس بہت تیزی سے پھیلتا ہے اور زیادہ خطرناک ہے۔ 
وزیر صحت عذرا پیچوہو کا کہنا تھا کہ کراچی میں کی جانے والی جینومیک سٹڈی کے مطابق 50 فیصد نمونوں میں کورونا کی برطانوی قسم کی تصدیق ہوئی ہے جو بہت تیزی سے پھیلتا ہے اور زیادہ خطرناک بھی ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ عید شاپنگ اور دیگر خریداری کے دوران رش کے اوقات میں وائرس تیزی سے پھیلنے کاخطرہ ہے جبکہ پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں اس وائرس سے متاثر ہونے کی وجہ سے بہت سی اموات ہوئی ہیں۔
دوسری جانب ملک میں کورونا سے مزید 148 افراد انتقال کرگئے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے درمیان 5499 کیس رپورٹ ہوئے جبکہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے اس حوالے سے مزید پابندیوں کا عندیہ بھی دیدیا ہے۔ 
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کورونا کے بڑھتے کیسز کی وجہ سے نئی پابندیوں کا فیصلہ جمعہ کو کیا جائے گا۔ انہوں نے عالمی وباءکی سنگین صورتحال کے پیش نظر نئی بندشوں کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ صورتحال کنٹرول میں نہ ہوئی تو بڑے شہر بند کرنا پڑیں گے۔
این سی او سی اجلاس کے بعد وفاقی وزیر اسد عمر نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ کورونا کی صورتحال انتہائی سنگین ہے، کراچی میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 13 اور حیدرآباد میں 14 فیصد پر آگئی ہے، کورونا وباءکی تیسری لہر میں اب تک سب سے زیادہ تعداد میں وینٹی لیٹر زیر استعمال ہیں، بڑے شہروں میں صورتحال تیزی سے بگڑ رہی ہے۔