عمران خان حکومت نے قرضوں میں کتنا اضافہ کیا ؟حیران کن اعدادو شمار سامنے آگئے 

عمران خان حکومت نے قرضوں میں کتنا اضافہ کیا ؟حیران کن اعدادو شمار سامنے آگئے 

اسلام آباد:وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات مفتاح اسماعیل نے کہاہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے ملک کی معیشت کا بیڑہ غرق کردیاہے،عمران خان کی حکومت میں ملک کے قرضوں میں 20 ٹریلین روپے کا اضافہ ہواہے۔

 سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کے نکات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مارچ2022 تک پی ٹی آئی کی حکومت کی جانب سے مجموعی قرضہ میں 20ٹریلین روپے کا اضافہ ہوا۔انہوں نے شوکت ترین سے استفسار کیا کہ وہ دسمبر 2021 تک کے اعدادوشمار کیوں دے رہے ہیں،کیا یہ حقیقت سے توجہ ہٹانا اورغلط بیانی نہیں؟یقینی طورپرہم آپ سے بہترطرزعمل کی توقع رکھتے ہیں۔

وزیرخزانہ نے کہاکہ تحریک انصاف کے پہلے تین سال میں 10اعشاریہ22 ٹریلین روپے کا خسارہ ہوا۔ اس سال خسارہ کاحجم5اعشاریہ 575ٹریلین روپے ہونے کااندازہ ہے اوریہ اعدادوشماروزارت خزانہ نے شوکت ترین کے ساتھ شئیرکئے تھے اس لئے سابق وزیرخزانہ اس کی تردیدکی زحمت نہ کریں،حقیقت یہ ہے کہ خالص خسارہ15 اعشاریہ 795 ٹریلین روپے ہے۔وزیرخزانہ نے کہاکہ شوکت ترین سابق حکومتوں کے قرضوں میں سود کی ادائیگی کوشامل کرتے ہیں مگر اپنی حکومت کے قرضہ میں اسے شامل نہیں کرتے۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پی ٹی آئی والے جی ڈی پی کے تناسب سیقرضوں کے اعدادوشمار مرتب کرتے وقت ہمارے لئے الگ اور اپنے لئے الگ بنیادی سال کا استعمال کررہے ہیں۔اگرایک ہی بنیادی سال کی بنیاد پر جی ڈی پی کے تناسب سے قرضوں کے اعدادوشمار کاتعین ہو تو پی ٹی آئی کے قرضوں کاحجم بہت زیادہ بنتاہے۔

وزیرخزانہ نے بتایاکہ پی ٹی آئی کی حکومت نے ہمارے سرکاری قرضوں میں 80 فیصداضافہ کیاہے۔گزشتہ 71برسوں میں پاکستان کی حکومتوں نے جتناقرضہ لیاہے،عمران خان کے 3سال اور 9 ماہ کے دورحکومت میں اس کا 80 فیصدحاصل کیاگیا۔71سالوں میں حکومتوں نے25ٹریلین روپے کا قرضہ لامحالہ عمران خان کی حکومت میں 25ٹریلین روپے کا قرضہ لیاگیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت نے معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا ہے۔