ٹکٹوں تقسیم پر پی ٹی آئی میں اختلافات شدت اختیار کرگئے، عمران خان رانگ نمبر ہے، اہم رہنما نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کردیا

ٹکٹوں تقسیم پر پی ٹی آئی میں اختلافات شدت اختیار کرگئے، عمران خان رانگ نمبر ہے، اہم رہنما نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کردیا
سورس: file

جہلم: ٹکٹوں کی غلط تقسیم پر پی ٹی آئی میں اختلافات شدت اختیار کرگئے ہیں۔ پنجاب کے نائب صدر زاہد اختر کا کہنا ہے کہ عمران خان رانگ نمبر ہے۔ سابق ایم پی اے یاور کمال کے ساتھ پارٹی چھوڑنے کا اعلان کرتا ہوں۔ 

جہلم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سابق ایم پی اے راجہ یاور کمال نے کہا کہ عمران خان نے فواد چوہدری سے بلیک میل ہو کر مجھے ٹکٹ نہیں دیا، عمران خان نے فواد چوہدری کے بھائی کو ٹکٹ دے کر موروثی سیاست کو پروان چڑھایا، عمران خان نے پارٹی کو فواد چوہدری کے گھر کی لونڈی بنا دیا۔

راجہ یاور کمال نے کہا کہ ہم نے مشکل وقت میں پارٹی کا ساتھ دیا، احتجاج اور دھرنوں میں حصہ لیتے رہے لیکن ہمارے ساتھ ایسا ہوا، فواد چوہدری کی وجہ سے نظریاتی لوگ پارٹی چھوڑ گئے ہیں، اب میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر کے خلاف پی پی 25 سے الیکشن لڑوں گا۔

پی ٹی آئی شمالی پنجاب کے نائب صدر چوہدری زاہد اختر نے کہا کہ پی ٹی آئی کے تمام عہدوں سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتا ہوں، عمران خان میرے کپتان آپ رانگ نمبر ہیں، پی پی 25 کا ٹکٹ انتہائی غلط تقسیم ہوا ہے، خان صاحب! آپ نے ہمیں مایوس کیا۔


چوہدری زاہد اختر نے کہا کہ آپ نے ٹکٹ اس کو دیا جس کا رشتے دار بڑے عہدے پر ہے، میرے کپتان آپ نے جہلم کے ورکر کا دل توڑا ہے، آپ نے فواد کے کزن کو ٹکٹ دے کر ورکر کے منہ پر طمانچہ مارا ہے، آج کے بعد مجھے پی ٹی آئی کی ضرورت نہیں، میں تحریک انصاف کے تمام عہدوں سے استعفی دیتا ہوں۔

راجہ یاور کمال نے کہا کہ کیا فواد پارٹی سے اور خان صاحب سے بڑا ہے؟ خان صاحب فواد سے کیوں بلیک میل ہو رہے ہیں؟ فواد انٹرپرائزز سارے لٹیرے ہیں، اگر ان کے ہاتھوں بلیک میل ہونا ہے تو مدینے کی ریاست کا کوئی جواز نہیں، پورا حلقہ جانتا ہے کہ جسے ٹکٹ دیا گیا وہ بھتہ خور ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں لدھڑ خاندان کا ہاتھ بندھا غلام نہیں ہوں، ٹکٹ اس لیے نہیں ملا کہ فواد کہتا ہے یہ ہمارے سامنے ہاتھ باندھ کر کھڑا نہیں ہوتا۔

مصنف کے بارے میں