کیٹالونیا حملے کے تمام 14 متاثرین اور حملہ آوروں کی شناخت مکمل

کیٹالونیا حملے کے تمام 14 متاثرین اور حملہ آوروں کی شناخت مکمل

میڈرڈ: ہسپانوی حکام نے کیٹالونیا کے خونریز حملے کا شکار ہونے والے تمام 14 متاثرین اور اس حملے میں ملوث دہشت گردانہ گروپ کے ارکان کی شناخت مکمل کر لی ہے۔ جرمن خبررساں ادارے کے مطابق ہسپانوی حکام کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 12 افراد پر مشتمل اس دہشت گردانہ سیل کا خاتمہ کر دیا ہے۔


جبکہ پولیس 22 سالہ مراکشی شخص یونس ابو یعقوب کی تلاش بدستور جاری رکھے ہوئے ہے۔ شبہ ہے کہ وہ گاڑی ابو یعقوب چلا رہا تھا جو بارسلونا حملے میں استعمال ہوئی تھی۔ پولیس کے مطابق اس بات کا بھی امکان ہے کہ ابو یعقوب سپین سے نکل چکا ہو۔

پولیس کے مطابق 12 افراد پر مشتمل مذکورہ دہشت گردانہ سیل میں بعض ٹین ایجر بھی شامل ہیں جبکہ 40 سالہ امام عبدالباقی الستی بھی اس کا حصہ ہے۔

جس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ اسی نے حملہ آوروں کو شدت پسندی پر مائل کیا تھا۔ الستی کے بارے میں خیال ہے کہ وہ ایک مکان میں ہونے والے دھماکے میں ہلاک ہو گیا تھا۔