لوک گلوکار کی بازیابی کیلئے آپریشن، ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ڈی ایس پی شہید

 لوک گلوکار کی بازیابی کیلئے آپریشن، ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ڈی ایس پی شہید
کیپشن: جگر جلال کو پروگرام میں شرکت کیلئے ایڈوانس رقم ایزی لوڈ سے بھیجی گئی تھی، پولیس۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ سوشل میڈیا

شکار پور: شکار پور کے کچے کے علاقے میں سندھی لوک گلوکار جگر جلال کی بازیابی کیلئے آپریشن کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ڈی ایس پی راؤ شفیع اللہ شہید جبکہ ایک پولیس اہلکار زخمی ہو گیا۔

اطلاعات کے مطابق لوک فنکار جگر جلال سمیت 5 مغویوں کی بازیابی کیلئے شکار پور اور آس پاس کےعلاقوں میں پولیس کا آپریشن جاری ہے۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل لاڑکانہ کا دعویٰ ہے کہ اغواء کار گینگ کا پتا لگا لیا ہے  اور  مغویوں کو جلد بازیاب کرا لیا جائے گا۔

ڈی آئی جی لاڑکانہ عرفان بلوچ کے مطابق آپریشن کے دوران گھر گھر تلاشی لی جا رہی ہے۔ ڈاکوؤں اور پولیس کے درمیان وقفے وقفے سے فائرنگ کے تبادلے میں 2 ڈاکو زخمی ہوئے ہیں جبکہ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ڈی ایس پی راؤ شفیع اللہ شہید جبکہ ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا۔

ڈی آئی جی لاڑکانہ کا دعویٰ ہے کہ گینگ کا پتا لگا لیا ہے۔ فنکار جگر جلال ان کے بھائی، بھتیجے اور دو شاگردوں کو جلد بازیاب کرا لیا جائے گا۔ آپریشن کے دوران 10 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق لوک فنکار جگر جلال کو پروگرام میں شرکت کیلئے ایڈوانس رقم ایزی لوڈ سے بھیجی گئی تھی۔

خیال رہے کہ جگر جلال نے چند ماہ قبل احمد رشدی کا مشہور گانا ’’کوکو کورینا‘‘ گا کر ملک گیر شہرت حاصل کی تھی۔

پولیس کے مطابق جگر جلال کو شادی کی تقریب میں شرکت کیلئے لاڑکانہ سے شکار پور جاتے ہوئے اغوا کیا گیا جبکہ ان کی گاڑی تیغو کے علاقے سے ملی تھی۔