فوری اور آسان انصاف عوام کی زندگیوں میں تبدیلی کا ضامن ہے, وزیر اعظم

  فوری اور آسان انصاف عوام کی زندگیوں میں تبدیلی کا ضامن ہے, وزیر اعظم
کیپشن: Image Source: GoF Pakistan Twitter Account

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ  فوری اور آسان انصاف ہی عوام کے مسائل کے حل اور انکی زندگیوں میں واضح تبدیلی کا ضامن ہے۔

 

تفصیلات کے مطابق ،وزیرِ اعظم عمران خان سے وفاقی وزیرِ قانون ڈاکٹر فروغ نسیم نے آج اسلام آباد میں اہم  ملاقات کی ہے۔اس موقع پر وزیر اعظم نے مفاد عامہ میں قانون سازی کے ضمن میں وزیرِ قانون کی کاوشوں کو سراہاتے ہوئے کہا کہ  عوام کو آسان اور سستے انصاف تک رسائی کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

 

وزیرِ قانون نے وزیرِ اعظم کو مفادِ عامہ میں بنائے جانے والے نئے قوانین اور ان کے نفاذ میں اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔  نئے قوانین میں کوڈ آف سول پروسیجر (ترمیمی) بل2019، لیگل ایڈ اینڈ جسٹس اتھارٹی بل2019 شامل ہیں۔

 

اس موقع پر انفورسمنٹ آف وویمن پراپرٹی رائٹس بل 2019، لیٹرز آف اینڈمنسٹریشن اینڈ سکسیشن سرٹیفیکیٹ بل 2019، وسل بلوئر پروٹیکشن اینڈ وجیلینس کمیشن بل2019 اور سروس ٹرابیونل (ترمیمی) بل2019 پر بھی بریفنگ دی گئی ۔

 

وزیرِ قانون نے بتایا کہ عوام کو ان کے حقوق و دیگر معاملات کے بارے میں متعلقہ قوانین و ذیلی قوانین سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کے لئے پاکستان کوڈ کو آن لائن کر دیا گیا ہے۔