سعودی عرب پاکستان کے تعلقات ہمیشہ سے اچھے رہے اوراچھے رہیں گے،شاہ محمود قریشی

سعودی عرب پاکستان کے تعلقات ہمیشہ سے اچھے رہے اوراچھے رہیں گے،شاہ محمود قریشی

بیجنگ :وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سعودی عرب پاکستان کے تعلقات ہمیشہ سے اچھے رہے ہیں اوراچھے رہیں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاک چین اسٹریٹیجک مذاکرات میں پاکستان کی نمائندگی کروں گا، چین کے وزیرخارجہ وانگ ژی کے ساتھ بھی ملاقات ہوگی، پاکستان اورچین دنیاکی بدلتی ہوئی صورتحال پرتبادلہ خیال کے خواہشمند ہیں، اقتصادی راہداری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پربات ہوگی۔ سی پیک کی اہمیت سے کوئی انکارنہیں کرسکتا اورچین اورپاکستان جانتے ہیں کہ خطے میں اہم تبدیلیاں ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے بہادروں کی قربانیوں کوکبھی فراموش نہیں کرسکتا، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کاعزم غیرمتزلزل ہے۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ کشمیرکی صورتحال دونوں ممالک کیلئے اہمیت کی حامل ہے، گذشتہ ایک سال میں مظلوم کشمیریوں کے ساتھ جوسلوک روا رکھا گیا ہے وہ سب کے علم میں ہے، چین کے ہم شکرگزار ہیں کہ ان کے تعاون سے ہم 55 سال کے بعد تین دفعہ مسئلہ کشمیر کو سلامتی کونسل میں زیر بحث لانے میں کامیاب رہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میری خواہش ہے کہ آئندہ کچھ دنوں میں سعودی عرب کے ساتھ مزید نشستیں ہوں، ہم ایک دوسرے کی ضرورت رہے ہیں اور آج بھی ہیں، دو دوست ممالک ہیں ان کی ہم سے توقعات ہیں چاہتے ہیں، چاہتے ہیں کہ ایک دوسرے کی توقعات پر پورا اتریں، چاہتے ہیں کہ دوست ممالک بھی ہماری توقعات کو سامنے رکھتے ہوئے منصوبہ بندی کریں۔سعودیہ عرب کا اسرائیل کے معاملے پردوٹوک موقف ہے اوریہ انکا تاریخی موقف ہے اورسعودیہ پاکستان کے تعلقات ہمیشہ سے اچھے رہے ہیں اورانشااللہ اچھے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایک سال میں مقبوضہ کشمیر کے حالات میں تبدیلی آئی ہے، کشمیر میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ کسی سے پوشیدہ نہیں، کشمیر کی حالت تیزی سے بگڑ رہی ہے آج بھارت کے اندر سے آوازیں اٹھنا شروع ہوگئی ہیں، مودی سرکاری کی کشمیر پالیسی سے کشمیری نالاں ہیں، حالات پہلے سے زیادہ خراب ہوچکے ہیں ۔

#/S