چین پاکستان کے ساتھ مشترکہ تعاون کو فروغ دینے کیلئے تیار ہے، صدر شی جن پنگ

چین پاکستان کے ساتھ مشترکہ تعاون کو فروغ دینے کیلئے تیار ہے، صدر شی جن پنگ
کیپشن: سی پیک دونوں ملکوں کے درمیان تذویراتی تعاون اور شراکت داری کی اعلیٰ مثال ہے، صدر شی جن پنگ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

بیجنگ: چینی صدر شی جن پنگ نے ایک مرتبہ پھر اپنے غیر متزلزل عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین مشترکہ مستقبل کیلئے پاکستان کیساتھ کام کرنے کو تیار ہے۔

اس عزم کا اظہار چینی صدر شی جن پنگ نے اپنے پاکستانی ہم منصب ڈاکٹر عارف علوی کو بھیجے گئے اپنے خصوصی خط میں کیا ہے۔ انہوں نے لکھا کہ پاکستان اور چین علاقائی امن و ترقی کی رفتار برقرار رکھنے کیلئے کام کر رہے ہیں۔ چین خظے کے ملکوں میں مشترکہ تعاون بڑھانے کیلئے پاکستان کیساتھ تعاون کیلئے تیار ہے۔

خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ چین اور پاکستان ناصرف اچھے دوست ہیں بلکہ دونوں ممالک کے درمیان سپیشل دوستی ہے۔ سی پیک دونوں ملکوں کے درمیان تذویراتی تعاون اور شراکت داری کی اعلیٰ مثال ہے۔

چینی صدر شی جن پنگ نے سی پیک پولیٹیکل پارٹیز کے مشترکہ مشاورتی میکانزم کی دوسری کانفرنس کے موقع پر صدر ڈاکٹر عارف علوی کی طرف سے لکھے گئے مبارکباد کے خصوصی خط کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ پاک چین تعلقات اور سی پیک پر آپ کے بھرپور تعاون اور حمایت کا عکاس ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کیساتھ ‘’چین پاکستان کمیونٹی آف شیئرڈ فیوچر’’ کی بنیاد مستحکم کرنے اور مشترکہ تعاون کو فروغ دینے کیلئے کام کرنے کے لئے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی سیاسی جماعتوں کے مابین دوستانہ مشاورت کا عمل مستقل بنیادوں پر جاری ہے۔ اس نے پاکستان اور چین کے درمیان سی پیک کی مستحکم اور طویل مدتی ترقی اور اعلی معیار کے بی آر آئی تعاون کو فروغ دینے کے لئے سیاسی اتفاق رائے کو مستحکم کیا ہے۔

صدر شی جن پنگ کا مزید کہنا تھا کہ کورونا وائرس کیخلاف عالمی کوششوں نے یہ ثابت کیا کہ باہمی تعاون ہی اس وبا کو شکست دینے کا واحد راستہ تھا۔