پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں دیں: ترجمان دفتر خارجہ

Pakistan, sacrifices, war, terrorism, Foreign Office spokesman

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے تمام اقسام کی دہشتگردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ جانی اور مالی نقصان اٹھایا ہے ۔

دہشتگردی کے شکار افراد کی یاد میں عالمی دن پر ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ آج کا دن یاد دہانی ہے کہ دہشتگردی کے شکار افراد کیساتھ اظہار یکجہتی کیا جائے ۔ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے اپنے ہیروز کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ۔

اپنے بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں 80 ہزار جانیں قربان کیں جبکہ 150 ارب ڈالر کا نقصان اٹھایا ، اتنی بڑی قربانی کی دنیا میں کوئی دوسری مثال نہیں ۔

دوسری جانب دہشتگردی کے شکار افراد کی یاد میں ہونے والی ایک تقریب میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ مجھے دہشت گردی کے متاثرین کو یاد کرنے اور اُن کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے آپ کے ساتھ شامل ہونے پر خوشی ہے ۔

اپنے خطاب میں انتونیو گوتریس نے کہا کہ اس دن ، ہم ان افراد ، خاندانوں ، برادریوں اور معاشروں کو یاد کرتے ہیں اور ان کی عزت کرتے ہیں جو دہشت گردانہ کارروائیوں سے متاثر ہوئے ہیں ۔

اگلے مہینے واشنگٹن میں پینٹاگون پر دہشت گردوں کے حملے کو 20 سال ہو جائیں گے جب پنسلوانیا میں ایک طیارہ گر کر تباہ ہوا اور یہاں نیویارک میں ورلڈ ٹریڈ سینٹر کے ٹاوروں کو تباہ کر دیا گیا ۔ جس کے نتیجے میں بے شمار معصوم لوگ ہلاک ہوئے ۔ اس حملے نے دنیا بھر میں خوف و ہراس پھیلایا ۔

انہوں نے کہا کہ اس واقعے کے بعد ہم نے دیکھا کہ دہشت گردی نے نئی اور پہلے سے زیادہ ناقابل یقین شکلیں اختیار کیں ، دنیا بھر میں ہزاروں افراد کو قتل اور معذور کیا گیا ، اس کے علاوہ خاندانوں اور معاشروں کو تباہ کیا گیا ۔

سیکرٹری جنرل نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ پرتشدد مذہبی ، سیاسی انتہا پسندی اور نسل پرستی میں مزید اضافہ ہوا ۔

اب دنیا عالمی وبا کورونا وائرس سے خوفزدہ ہے جس نے ہماری نقل و حرکت اور اپنے پیاروں کو ملنے کی صلاحیت کو محدود کر دیا ہے ۔