شام میں ایران اور روس کے مشترکہ فوجی ہیڈ کوارٹر کا قیام

شام میں ایران اور روس کے مشترکہ فوجی ہیڈ کوارٹر کا قیام

تہران : ایران کی سپریم قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری علی شامخانی نے جنگ زدہ شام میں روس کے ساتھ مل کر قائم کیے گئے ایک مشترکہ فوجی ہیڈکوارٹر کا انکشاف کیا ہے تاہم انھوں نے یہ نہیں بتایا ہے کہ یہ کہاں قائم کیا گیا ہے۔
ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق شامخانی نے روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے نمائندے کے تہران کے دورے اور ان کی ایرانی عہدہ داروں سے ملاقاتوں کے حوالے سے کہا ہے کہ ہم نے خطے میں دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے ایک مشترکہ منصوبے پر کام شروع کردیا ہے۔
یہ سفارتی اور عملی کام ہے،اس لیے بعض رکاوٹوں پر قابو پانے کے لیے مشاورت کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ صدر پیوٹن کے نمائندے کا دورہ اسی فریم ورک کے تحت تھا۔ہم نے شام میں شامی فوج اور مزاحمتی قوتوں کی مدد سے روس کے ساتھ مل کر ایک مشترکہ فوجی ہیڈ کوارٹر قائم کیا ہے۔
ہم مشاورت کی خدمات بھی مہیا کررہے ہیں۔انھوں نے روس اور عراق کے ساتھ فوجی تعاون کے حوالے سے بتایا کہ ہم دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لیے عراق ،شام ،ایران اور روس کے ساتھ مل کر مشترکہ فوجی اقدام کررہے ہیں۔ایران کی فضائی حدود میں روسی لڑاکا طیاروں کا استعمال بھی اسی زمرے میں آتا ہے۔