کورکمانڈر لیفٹیننٹ جنرل شاہد بیگ مرزا کی وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات

کورکمانڈر لیفٹیننٹ جنرل شاہد بیگ مرزا کی وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات

کراچی:  کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل شاہد بیگ مرزا نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ملاقات کی ہے ۔ ترجمان وزیر اعلیٰ ہاؤس کے مطابق ملاقات کے دوران دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری رکھنے کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ملاقات کے دوران کراچی میں امن و امان کی صورتحال اور کراچی میں قیام امن کو مزید مستحکم کرنے ، نیشنل ایکشن پلان پر عملدردرآمد سے متعلق امور اور ٹارگٹڈ آپریشن کے حوالہ سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کور کمانڈر کراچی کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر شاہد بیگ مرزا کو مبارکباد دی ۔ ترجمان وزیر اعلیٰ سندھ کے مطابق مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ہم کسی کو کراچی کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ، اس شہر کے امن کیلئے ہم نے بڑی قربانیاں دی ہیں۔پچھلی اپیکس کمیٹی کی محنت سے ٹارگٹڈ آپریشن شروع ہوا جسکے اچھے نتائج نکلے ہیں، جبکہ ہم نے تمام اداروں کے روابط کو مستحکم کیا ہے۔ ملاقات میں ایپکس کمیٹی کے فیصلوں پر عملدرآمد کرنے اور دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کو مزید تیز کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ جلد ایپکس کمیٹی کا اجلاس بھی بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن کو مزید تیز کرنے کی حکمت عملی پر بھی ملاقات میں تبادلہ خیال کیا گیا ۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کراچی کے امن کے لیے بڑی قربانیاں دی گئی ہیں ۔ کراچی کے امن کو خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی ۔ کور کمانڈر کا اس موقع پر کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن میں مزید تیزی لائی جائے گی ۔

مصنف کے بارے میں