اسحاق ڈار کیخلاف اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت 2 جنوری تک ملتوی

اسحاق ڈار کیخلاف اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت 2 جنوری تک ملتوی

اسلام آباد: اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات سے متعلق نیب ریفرنس کی سماعت 2 جنوری تک ملتوی کر دی۔ کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی۔ نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے گذشتہ روز اسحاق ڈار کے خلاف مزید کارروائی پر حکم امتناع دے دیا ہے۔

جج محمد بشیر نے استفسار کیا کہ کیا آپ کو آرڈر کی کاپی ملی ہے؟۔ اس پر نیب پراسیکیوٹر عمران شفیق نے عدالت کو بتایا کہ آرڈر کی کاپی کے لیے درخواست کی ہے مگر ملا نہیں۔ نیب پراسیکیوٹر نے معزز جج سے استدعا کی کہ اگر چھٹیوں کے بعد کی کوئی تاریخ دے دیں تو آرڈر حوالے کر دیں گے۔ جج محمد بشیر نے استفسار کیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں آئندہ تاریخ سماعت کیا ہے؟۔ جس پر نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے 17 جنوری تک کے لیے حکم امتناع دیا ہے۔

جج محمد بشیر نے استفسار کیا کہ اسحاق ڈار کی طرف سے کوئی آیا ہے؟۔ اس پر نیب پراسیکوٹر نے کہا کہ اسحاق ڈار کی طرف سے کوئی نہیں آیا۔ وہ تو چاہتے ہی یہی ہیں۔ اب اسحاق ڈار کی نیک نیتی بھی معلوم ہو جائے گی کہ وہ اتنے عرصے میں واپس آتے ہیں یا نہیں۔ جس کے بعد عدالت نے کیس کی مزید سماعت 2 جنوری تک ملتوی کر دی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں