پاکستان اصول کی بنیاد پر مقبوضہ بیت المقدس سے متعلق ووٹ دے گا، دفتر خارجہ

پاکستان اصول کی بنیاد پر مقبوضہ بیت المقدس سے متعلق ووٹ دے گا، دفتر خارجہ

اسلام آباد: ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے سعودی عرب پر میزائل حملے کی مذمت کی۔ ترجمان نے پاکستان پر امریکی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف گراں قدر قربانیاں دیں اور دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکا کی قومی سلامتی پالیسی میں الزامات کو مسترد کرتا ہے۔ مقبوضہ بیت المقدس پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مقبوضہ بیت المقدس پر او آئی سی کے اعلامیے کی مکمل حمایت کرتا ہے اور پاکستان مقبوضہ بیت المقدس سے متعلق اصول کی بنیاد پر ووٹ دے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان کےخلاف استعمال ہونے پر تحفظات ہیں کیونکہ ہمسایہ ملک مسلسل پاکستان کے خلاف سازشیں کر رہا ہے۔

بھارتی جاسوس کلبھوشن کی اہل خانہ سے ملاقات کے سوال پر ڈاکٹر فیصل نے بتایا کہ کلبھوشن کی پھانسی کے فیصلے پر عملدرآمد کا فیصلہ نہیں ہوا اس کی اہل خانہ سے ملاقات انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر کرائی جا رہی ہے۔ کلبھوشن کی اہلیہ اور والدہ کو اسلام آباد کا ویزہ جاری کیا گیا ہے اور وہ فضائی راستے سے پاکستان آئیں گی کیونکہ سیکیورٹی خدشات کے باعث انہیں بذریعہ سڑک نہیں لایا جا سکتا۔

ترجمان نے کہا کہ کلبھوشن کے اہل خانہ کی ملاقات دفتر خارجہ میں کرائی جائے گی اور موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے حریت رہنما شبیر کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ شبیر احمد شاہ کی منتقلی کے لیے متعدد درخواستیں کیں۔ بھارت نے حریت رہنما شبیر احمد شاہ کو محفوظ جیل میں منتقل نہیں کیا اور عالمی برادری انسانی بنیادوں پر شبیر احمد شاہ کی رہائی یقینی بنائے۔

 

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں