فاٹا اصلاحات بل، عمران خان کا حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ

فاٹا اصلاحات بل، عمران خان کا حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ

اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام پر حکومت کے تاخیری حربوں پر سخت حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ کر لیا۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی حکومت کو ڈیڈ لائن دینے کا بھی اعلان کریں گے۔ اس سلسلے میں پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی مراد سعید کو اہم ٹاسک سونپ دیا ہے۔

یاد رہے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے رواں ماہ 9 دسمبر کو کنونشن سینٹر اسلام آباد میں فاٹا کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا فاٹا کے لوگوں کیساتھ کھڑا ہوں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ تھا کہ حکومت 2018ء کے الیکشن تک فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کرے اور فاٹا انضمام کے لئے ساری چیزیں حل ہو چکی ہیں ہم 11 دسمبر تک دیکھیں گے اگر حکومت نے فیصلہ نہ کیا تو سڑکوں پر آنے کی بڑی پریکٹس ہو چکی ہے اور اس مسئلے کے حل کے لئے قبائلیوں اور خیبر پختونخوا کے لوگوں کو اسلام آباد بلائیں گے.

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا حکومت مان گئی ہے لیکن فضل الرحمان اور محمود خان اچکزئی کیوجہ سے بات آگے نہیں بڑھ رہی۔ انہوں نے کہا باقی صوبوں کو بھی ساتھ ملانے کی کوشش کریں گے جیسے ایسٹ اور ویسٹ جرمنی کا انضمام ہوا ویسے ہی فاٹا کا انضمام ہو گا۔ قبائلیوں کو بھی دوسرے پاکستانیوں جیسے حقوق دلوائیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ قبائلی علاقوں کا پرانا نظام ختم ہو چکا ہے اس خلاء کو پر نہ کیا تو دہشتگردی دوبارہ واپس آ سکتی ہے۔ ہمیں اس خلا کو پر کرنا چاہئے کیونکہ قبائل کے پرانے بلدیاتی نظام میں سب کو انصاف مل رہا تھا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں