ترکی سے غیر قانونی طور پر یورپ جانے والے 115 پاکستانی گرفتار

ترکی سے غیر قانونی طور پر یورپ جانے والے 115 پاکستانی گرفتار

انقرہ: غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ترک سیکیورٹی فورسز کو خفیہ اطلاعات ملی تھی کہ درجنوں غیر قانونی تارکین وطن سرحدی علاقے ایڈیرن سے یونان کی سرحد عبور کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ اطلاعات کی روشنی میں ترک حکام نے الگ الگ اوقات میں 4 بسوں کو روک کر اس میں سوار پاکستان سے تعلق رکھنے والے 115 غیر قانونی تارکین کو حراست میں لے لیا۔

ترک حکام کا کہنا ہے کہ یہ تمام افراد ایران کے راستے غیر قانونی طور پر ترکی میں داخل ہوئے تھے اور وہ یونان کے راستے یورپ میں داخل ہونا چاہتے تھے۔ ترک فورسز نے انسانی اسمگلنگ کے الزام میں 6 ترک اور ایک پاکستانی شہری کو بھی گرفتار کیا ہے جنہوں نے غیر قانونی تارکین سے فی کس 1500 امریکی ڈالر کے مساوی رقم وصول کی تھی۔ پولیس نے عدالت سے ملزمان کا ریمانڈ حاصل کر لیا ہے۔

دوسری جانب ترک حکام نے 51 شامی باشندوں کو بھی غیر قانونی طور پر یورپ جانے کی کوشش کرتے ہوئے گرفتار کیا ہے۔ گرفتار ہونے والے شامی شہریوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

 نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں