آصف زرداری اور فریال تالپور کی عبوری ضمانت میں 7 جنوری تک توسیع

 آصف زرداری اور فریال تالپور کی عبوری ضمانت میں 7 جنوری تک توسیع
کیپشن: منی لانڈرنگ کیس میں آصف زرداری اور فرال تالپور کی عبوری ضمانت کا کل آخری روز تھا۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

کراچی: سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور منی لانڈرنگ کیس میں بینکنگ کورٹ میں پیش ہو گئے۔عدالت نے دونوں کی عبوری ضمانت میں 7 جنوری تک توسیع کر دی۔میگا منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف زرداری چھٹی بار بینکنگ کورٹ میں پیش ہوئے

صدر پیپلز پارٹی آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی متوقع پیشی کے پیش نظر عدالت کے باہر بیرئیر لگا دیئے گئے تھے۔ منی لانڈرنگ کیس میں آصف زرداری اور فریال تالپور کی عبوری ضمانت کا کل آخری روز تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری اور فریال تالپور کی پیشی کے موقع پر پیپلزپارٹی کے ارکان پارلیمنٹ اور کارکنوں کو عدالت پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ بس بہت ہو گیا اب انتقام کی سیاست نہیں چلنے دیں گے جب کہ خورشید شاہ نے بھی خبردار کیا ہے کہ آصف زرداری اور فریال تالپور کے خلاف ثبوت پیش کرنا ہوں گے اور ملک میں جنگل کا قانون ہے تو انہیں گرفتار کر لیا جائے۔

ذرائع کے مطابق آصف زرداری نے ممکنہ گرفتاری کے حوالے سے اپنے وکلا سے قانونی مشاورت کے بعد نوڈیرو سے گرفتاری دینے کا فیصلہ کیا تھا۔ 

واضح رہے کہ ایف آئی اے نے مقدمے کا حتمی چالان ابھی تک عدالت میں جمع نہیں کرایا تاہم جعلی بینک اکاؤنٹس کے معاملے میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ میں آصف زرداری اور فریال تالپور کو آمدن سے زائد اثاثے رکھنے کا ذمہ دار قرار دیا گیا۔

رپورٹ میں چار جعلی بینک اکاؤنٹس سے فریال تالپور کے دستخطوں سے لین دین کا ذکر ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فریال تالپور زرداری گروپ اینڈ کمپنی کے مالی امور کو بھی دیکھتی رہی ہیں۔

جے آئی ٹی رپورٹ میں آصف زرداری اور فریال تالپور کے ہمراہ مظفر ٹپی کے متنازع کردار، نجی بینک کے سربراہ اور یو اے ای کے شہری ناصر عبد اللہ لوتھا کا بھی ذکر ہے۔