بھارتی سرکار نے قائداعظم کا ممبئی میں موجود ’جناح ہاﺅس‘ ہتھیالیا

بھارتی سرکار نے قائداعظم کا ممبئی میں موجود ’جناح ہاﺅس‘ ہتھیالیا
کیپشن: تصویر بشکریہ ٹوئٹر

نئی دہلی: بھارتی مودی سرکار نے ممبئی میں واقع قائداعظم محمد علی جناح کا گھر جناح ہاﺅس ہتھیالیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مودی سرکار نے اپنی غنڈہ گردی جاری رکھتے ہوئے ممبئی میں واقع پاکستان کے بانی قائداعظم کا گھر جناح ہاﺅس بھارتی وزرات خارجہ کے نام کررہی ہے۔بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کا کہنا ہے کہ جناح ہاﺅس میں تبدیلیاں کرکے وہاں سرکاری تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔


واضح رہے کہ ممبئی میں واقع جناح ہاﺅس قائداعظم محمد جناح کی ملکیت تھا۔بھارتی میڈیا میں مزید بتایا گیا کہ قائداعظم کی بیٹی دینا واڈیا نے 2007 ءمیں جناح ہاﺅس کے سلسلہ میں بھارتی حکومت کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا تاہم وہ گزشتہ سال انتقال کرگئیں جس کے بعد وہ مقدمہ غیر موثر ہوگیا تھا۔


جناح ہاﺅس ممبئی کو 1930 ءمیں یورپی طرز پر 2.5 ایکٹر زمین کے وسیع رقبے پر تعمیر کیا گیا تھا جس کی مالیت کا تخمینہ 40 کروڑ امریکی ڈالرز بتایا جارہا ہے۔


مقامی میڈیا کا مزید کہنا تھا کہ تاریخی جناح ہاﺅس میں قائداعظم محمد جناح ،جواہر لال نہرو،مہاتما گاندھی کی ملاقاتیں ہوتی تھیں۔خیال رہے کہ پاکستان نے بارہا دہلی سرکار سے کہا تھا کہ جناح ہاﺅس پاکستانی حکومت کو فروخت کرکے لیز کردیا جائے تاکہ وہاں پاکستانی قونصل خانہ کھولا جاسکے تاہم بھارتی حکومت نے پاکستان کی درخواست قبول نہیں کی۔